اسلام آباد:(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے اشتراک سے ’’خواتین بطور امن رہنما‘‘ کے عنوان سے ایک اہم اور منفرد تقریب 23 جون 2026ء بروز منگل ایس ایم منیر آڈیٹوریم، آئی سی سی آئی میں منعقد ہوگی۔ اس تقریب کا مقصد معاشرے میں امن، ہم آہنگی، معاشی ترقی اور قومی استحکام کے فروغ میں خواتین کے کلیدی کردار کو اجاگر کرنا اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری ہوں گے، جبکہ ممتاز پالیسی ساز، ماہرینِ تعلیم، کاروباری شخصیات، ترقیاتی شعبے سے وابستہ نمائندگان اور خطے کی معروف خواتین کاروباری رہنما بھی اس میں شرکت کریں گی۔
یہ فورم اس امر پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گا کہ خواتین کی مؤثر قیادت کس طرح انتہاپسندی کے خاتمے، معاشرتی استحکام، کمیونٹی کی مضبوطی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سردار طاہر محمود اپنے استقبالیہ خطاب میں خواتین کو بااختیار بنانے، صنعت و جامعات کے مابین روابط کے فروغ، کاروباری مواقع کی فراہمی اور نوجوان خواتین کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے چیمبر کی مختلف کاوشوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالیں گے۔
وہ خواتین کی معاشی شمولیت، ہنر مندی کے فروغ، اختراع اور کاروباری سرگرمیوں میں ان کے فعال کردار کو بڑھانے کے لیے آئی سی سی آئی کے اقدامات کو بھی اجاگر کریں گے۔
یہ تقریب آئی سی سی آئی اور نیکٹا کے اس مشترکہ عزم کی عکاس ہے کہ خواتین کو مثبت تبدیلی، امن کے فروغ اور سماجی استحکام کے مؤثر سفیر کے طور پر بااختیار بنا کر ایک پرامن، روادار اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جائے۔
