اسلام آباد (سب نیوز)نیشنل ٹیرف کمیشن اور پاکستان سنگل ونڈو کے درمیان آٹومیشن و ڈیجیٹلائزیشن معاہدے پر دستخط، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے نیشنل ٹیرف کمیشن اور پاکستان سنگل ونڈو کے درمیان ڈیجیٹلائزیشن معاہدے کی تقریب میں شرکت کی۔
وزیر تجارت جام کمال خان نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی ڈیجیٹل تبدیلی اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مضبوط اور ڈیجیٹل نیشنل ٹیرف کمیشن پاکستان کی تیز رفتار معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ معاہدے پر چیئرمین نیشنل ٹیرف کمیشن ڈاکٹر جواد اویس آغا اور سی ای او پاکستان سنگل ونڈو سید آفتاب حیدر نے دستخط کیے۔ سیکریٹری تجارت جواد پال نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
معاہدے کا مقصد ٹیرف و تجارتی پالیسی تجزیہ، ڈیٹا شیئرنگ اور تجارتی اقدامات کے عمل کو جدید اور تیز بنانا ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن سے این ٹی سی کے کیسز کے فیصلوں میں تیزی، شفافیت اور تجارتی نظام میں بہتری آئے گی۔ پاکستان سنگل ونڈو اور نیشنل ٹیرف کمیشن نے مسابقتی اور ترقی دوست تجارتی نظام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

