Tuesday, June 16, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستاناسحاق ڈار سے چینی ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ ،ایران اور امریکہ میں امن معاہدے پر موثر عملدرآمد کیلئے مسلسل رابطے اور مشاورت ناگزیر قرار

اسحاق ڈار سے چینی ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ ،ایران اور امریکہ میں امن معاہدے پر موثر عملدرآمد کیلئے مسلسل رابطے اور مشاورت ناگزیر قرار

اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ وانگ یی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔دونوں رہنماوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کی فعال سفارتی کوششوں اور موثر ثالثی کردار کو سراہا، جنہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان مسلسل رابطے اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد فراہم کی۔
انہوں نے بین الاقوامی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے اہم کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دینے کی کوششوں میں چین کی مستقل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کی بحالی کے لیے چین کی اہم خدمات، خصوصا صدر شی جن پنگ کی چار نکاتی تجویز اور پاکستان-چین پانچ نکاتی اقدام، کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔
دونوں رہنماوں نے اس بات پر زور دیا کہ فریقین کے درمیان طے پانے والی مفاہمت پر موثر عملدرآمد اور تمام حل طلب مسائل کے پرامن تصفیے کے لیے مسلسل رابطہ اور مشاورت ناگزیر ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کو عالمی معیشت، توانائی کے تحفظ اور بین الاقوامی تجارت کے لیے کھلا رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔دونوں فریقوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ کامیاب دور چین پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس کے نتائج پر موثر عملدرآمد اور پیش رفت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سی پیک 2پر مشترکہ طور پر کام کرنے اور دوطرفہ اقتصادی و سرمایہ کاری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں جانب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی دلچسپی کے اہم دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔