مکہ مکرمہ:
پاکستان کے لیے ایک تاریخی اور شاندار کامیابی، پاکستان حج مشن کے ڈائریکٹر جنرل عبدالوہاب سومرو کو حج 2026 کے دوران مثالی قیادت اور شاندار خدمات کے اعتراف میں مسلسل دوسرے سال بھی معتبر ‘لبیتم ایکسیلنس ایوارڈ’ سے نوازا گیا ہے۔
یہ باوقار ایوارڈ سعودی عرب میں حج سیزن کے اختتام پر منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی تقریب (حفل ختم الحج 1447 ھ) کے دوران، سعودی وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے خود عطاء کیا۔
یہ اعلیٰ ترین ریاستی اعزاز سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے ان بین الاقوامی حج مشن کے سربراہان کو دیا جاتا ہے جو ضیوف الرحمن (اللہ کے مہمانوں) کی خدمت کے لیے غیر معمولی نظم و ضبط، دور اندیش قیادت اور جدید ڈیجیٹل طریقہ کار کے بہترین استعمال کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
تقریب کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو کا کہنا تھا کہ یہ بین الاقوامی اعزاز پورے پاکستان حج مشن کی چوبیس گھنٹے کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ کے بے حد شکر گزار ہیں جس نے ہمیں عازمینِ حج کی اتنے اعلیٰ معیار کے ساتھ خدمت کرنے کی توفیق اور ہمت عطا فرمائی۔
دوسری جانب، وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سمیت مختلف سماجی اور سفارتی حلقوں نے ڈی جی عبدالوہاب سومرو کو ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے یہ ممتاز ایوارڈ حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور اسے پاکستان کے حج انتظامات کی تاریخ میں ایک سنگِ میل قرار دیا ہے۔

