Tuesday, May 19, 2026
ہومپاکستانپاکستان سمیت 10ممالک کی غزہ امدادی بیڑے پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

پاکستان سمیت 10ممالک کی غزہ امدادی بیڑے پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان سمیت 10 ممالک نے غزہ کے لیے روانہ ہونے والے عالمی صمود امدادی بیڑے کو روکنے پر اسرائیل کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان، ترکیہ، بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، اردن، لیبیا، مالدیپ اور اسپین کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ عالمی صمود بیڑا ایک پرامن شہری اور انسانی ہمدردی کا مشن تھا، جس کا مقصد فلسطینی عوام کو درپیش سنگین انسانی بحران کی جانب دنیا کی توجہ مبذول کرانا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ بین الاقوامی پانیوں میں امدادی کشتیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنانا، کشتیوں پر حملے اور کارکنوں کی گرفتاری بین الاقوامی قانون اور انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔وزرائے خارجہ نے گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی، ان کے حقوق اور وقار کے احترام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانی امدادی مشنز پر حملے عالمی قوانین اور بحری آزادیوں سے مسلسل بے اعتنائی کو ظاہر کرتے ہیں۔مشترکہ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ شہریوں اور امدادی مشنز کے تحفظ کے لیے اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے اور ان خلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنائے۔

ادھر معروف سماجی کارکن فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی بھی ان کارکنوں میں شامل تھے جنہیں اسرائیلی فورسز نے حراست میں لیا۔ اطلاعات کے مطابق انڈونیشیا کے 9 شہری اور آئرلینڈ کے 15 افراد بھی امدادی بیڑے کا حصہ تھے۔اسرائیل نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کسی کوشش کی اجازت نہیں دے گا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے امدادی بیڑے کو روکنے کی کارروائی کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام حماس کے خلاف عائد ناکہ بندی برقرار رکھنے کے لیے ضروری تھا۔واضح رہے کہ غزہ 2007 سے اسرائیلی ناکہ بندی کا شکار ہے اور جاری جنگ کے دوران وہاں خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔