تہران(سب نیوز)ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے جنگ بندی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کی تعریف کی، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں خطے میں پائیدار امن کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایران خطے کے اسلامی ممالک کے ساتھ مخلصانہ اور مستحکم تعلقات کا خواہاں ہے اور اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد خطے سے باہر کی طاقتوں کی مداخلت کے امکانات کم کر سکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور اتحاد دیرپا امن اور استحکام کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی جانب سے سرحدی تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے اقدامات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی، سائنسی، ثقافتی اور علاقائی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے سائنسی، تعلیمی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگی حالات کے باوجود ایران اور پاکستان پہلے سے زیادہ قریب آئے ہیں اور یہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اچھا موقع ہے۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایران اور پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ قریب آ چکے ہیں اور تہران و اسلام آباد کے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور عوامی سطح پر گہرے تعلقات موجود ہیں اور پاکستانی عوام ایرانی قوم کے لیے دلی محبت اور احترام رکھتے ہیں۔
