اسلام آباد (سب نیوز)سپارکو کا کہنا ہے کہ ملک میں عیدالاضحی 27 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔ترجمان سپارکو کے مطابق ذوالحج 1447 ہجری کا چاند 17 مئی 2026 کی شام نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ چاند 17 مئی 2026 کو رات 01:01 بجے پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ غروبِ آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریبا 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔
سپارکو کے مطابق پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریبا 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے جس کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات موافق ہیں۔ فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر یکم ذوالحج 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 کو متوقع ہے جبکہ عیدالاضحی 27 مئی 2026 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ اسلامی مہینے کے آغاز کے حوالے سے حتمی فیصلہ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی جو ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر اعلان کرنے کی مجاز اتھارٹی ہے۔
