اسلام آباد (سب نیوز)صدر/سی ای او زرعی ترقیاتی بینک لمٹیڈطاہر یعقوب بھٹی نے اسلام آباد میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان جناب مقبول احمد گوندل سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران طاہر یعقوب بھٹی نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو 2023میں زرعی ترقیاتی بینک میں نافذ کی گئی اصلاحات اور تبدیلی کی حکمتِ عملی کے بارے میں بریفنگ دی، جس کے نتیجے میں ادارہ مالیاتی اور انتظامی چیلنجز سے نکل کر ایک مستحکم اور متحرک ادارے کے طور پر ابھرا۔
انہوں نے بتایا کہ زرعی ترقیاتی بینک مسلسل ریکارڈ مالیاتی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے جبکہ ملک بھر میں تازہ گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس کے لیے 900 سے زائد روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ زرعی ترقیاتی بینک اپنی ڈیجیٹل بینکاری مصنوعات اور خدمات کے ذریعے چھوٹے کسانوں تک زیادہ موثر انداز میں رسائی حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ بینک ایک منفرد کاروباری ماڈل پر عمل پیرا ہے، جس کے تحت برانچ منیجرز اور موبائل کریڈٹ افسران دیہاتوں اور دور دراز علاقوں کا دورہ کرکے کسانوں کو ان کی دہلیز پر زرعی مالیاتی سہولیات اور دیگر بینکاری خدمات فراہم کرتے ہیں۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان جناب مقبول احمد گوندل نے زرعی ترقیاتی بینک کی کارکردگی، چھوٹے کسانوں کی زندگیوں میں بہتری لانے اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں بینک کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اپنے دفتر کی جانب سے مکمل تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ احتساب، شفافیت اور اچھی طرزِ حکمرانی بینک کی مالی ترقی کے تسلسل کے لیے کلیدی ترجیحات رہنی چاہئیں۔صدر/سی ای او زرعی ترقیاتی بینک نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو زیڈ ٹی بی ایل کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ آڈیٹر جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ وہ جلدزیڈ ٹی بی ایل ہیڈ آفس اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔
