Saturday, May 9, 2026
ہومبریکنگ نیوزآزاد کشمیر الیکشن سے پہلے غیر قانونی سگریٹ فیکٹریاں دوبارہ فعال

آزاد کشمیر الیکشن سے پہلے غیر قانونی سگریٹ فیکٹریاں دوبارہ فعال

اسلام آباد (آئی پی ایس ) آز اد کشمیر کے محکمہ ان لینڈ ریونیو اور غیر قانونی سگریٹ انڈسٹری کے مبینہ گٹھ جوڑ سے متعلق سنگین الزامات سامنے آ گئے ہیں، جن کے مطابق بھمبر اور میرپور ڈویژن میں ٹیکس چوری میں ملوث سگریٹ فیکٹریوں سے ماہانہ کروڑوں روپے بھتہ وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ بھمبر میں قائم پانچ سگریٹ فیکٹریوں سے مبینہ طور پر ہر ماہ پانچ کروڑ روپے وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ ایک اہم حکومتی وزیر اور ان لینڈ ریونیو کے کچھ افسران بھی اس پورے نیٹ ورک کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ماضی میں ٹیکس چوری اور غیر قانونی سرگرمیوں کے باعث بند کی جانے والی متعدد سگریٹ فیکٹریاں دوبارہ فعال ہو چکی ہیں۔ آزاد کشمیر کے آئیندہ ہونے والے انتخابات کے اخراجات پورے کرنے کیلئے سگریٹ انڈسٹری سے مبینہ فنڈنگ اور خفیہ ڈیلز کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اہم حکومتی وزیر پر ماہانہ آٹھ کروڑ روپے تک رشوت لینے کے الزامات بھی گردش کر رہے ہیں جبکہ محکمہ ان لینڈ ریونیو کے بعض افسران بھی غیر قانونی سگریٹ انڈسٹری کو فائدہ پہنچانے میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کی ایک بااثر حکومتی شخصیت مبینہ طور پر وفاقی اداروں کا نام استعمال کرتے ہوئے سگریٹ فیکٹریوں کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے تاکہ ان کے خلاف کارروائیوں کو روکا جا سکے۔

بتایا گیا ہے کہ کچھ ہفتے قبل وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ہدایت پر ڈیری فارم کی آڑ میں قائم ایک غیر قانونی سگریٹ یونٹ پر چھاپہ مارا گیا تھا، تاہم ذرائع کا دعوی ہے کہ مذکورہ یونٹ نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر سے سیالکوٹ اور گجرات کے راستے بغیر ٹیکس ادا کیے گئے سگریٹ پاجستان کے مختلف علاقوں میں اسمگل کیے جا رہے ہیں جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ ذرائع نے مزید دعوی کیا ہے کہ ماضی میں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کو بھی غیر قانونی سگریٹ انڈسٹری کی جانب سے تین ارب روپے رشوت کی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں نے مبینہ طور پر کسی بھی قسم کی ڈیل سے صاف انکار کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف بھی قومی اسمبلی میں آزاد کشمیر کی غیر قانونی سگریٹ انڈسٹری جانب سے آزاد کشمیر کے انتخابات پر اثرانداز ہونے اور الیکشن خریدنے کی مبینہ منصوبہ بندی کا انکشاف کر چکے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔