اسلام آباد(آئی پی ایس )معرکہ حق کی مناسبت سے پورے ملک کی طرح پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں بھی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اور غیر طبی عملے سمیت شرکا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب پمز کالج آف میڈیکل ٹیکنیشن کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز پروفیسر رانا عمران سکندر اور پرنسپل سی ایم ٹی سمیت اسپتال کے اعلی حکام شریک ہوئے۔
اس موقع پر پمز کے عملے نے پاکستان کی مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور وطن کے دفاع کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز پروفیسر رانا عمران سکندر نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس معرکے میں خود کو بنیان المرصوص ثابت کیا جبکہ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے بھارت کو میدانِ جنگ میں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور جواب دیا
آج بھی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم بھرپور انداز میں جشن منا رہی ہے۔ پروفیسر رانا عمران سکندر نے سید عاصم منیر اور عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار اور عزت میں اضافہ ہوا۔ رانا عمران سکندر کے خطاب کے دوران حاظرین نے مسلح افواج کے حق میں پرجوش نعرے بازی بھی کی۔
