Sunday, May 3, 2026
ہومپاکستانسفیر عرفان نذیر اوغلو کا پاکستان، ترکیہ کے درمیان پائیدار بھائی چارے پر زور

سفیر عرفان نذیر اوغلو کا پاکستان، ترکیہ کے درمیان پائیدار بھائی چارے پر زور

اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نیزیراوگلو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پائیدار بھائی چارے پر زور دیتے ہوئے قومی خودمختاری اور بچوں کے دن کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی ہے۔گزشتہ روز یہاں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ ترکیہ میں 23 اپریل کو ہر سال قومی خودمختاری اور بچوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے جو کہ ترکیہ کی جنگ آزادی کے دوران 1920 میں ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے قیام کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریہ ترکیہ کے بانی مصطفی کمال اتاترک نے اس دن کو نہ صرف ترک بچوں بلکہ دنیا بھر کے بچوں کے لیے وقف کیا جو امن، اتحاد اور آنے والی نسلوں کے لیے امید کے عالمگیر پیغام کی عکاسی کرتا ہے۔ترک سفیر نے یاد دلایا کہ 1979 میں اقوام متحدہ نے اس دن کو ایک بین الاقوامی دن کے طور پر تسلیم کیا جس کے بعد ترکیہ نے ہر سال اس دن کو منانے کے لیے دنیا بھر سے بچوں کی میزبانی شروع کی۔ترکیہ کی جنگ آزادی کے ہیروز اور پہلی قومی اسمبلی کے اراکین اتاتک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیوں نے جدید ترکیہ کی بنیاد رکھی اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک لازوال میراث چھوڑی۔پاکستان کے ساتھ گہرے تاریخی رشتوں کو اجاگر کرتے ہوئے ترک سفیر نیزیراوگلو نے برصغیر کے لوگوں بالخصوص مسلمانوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ترکیہ کی جنگ آزادی کے دوران غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ یہ رشتے دونوں قوموں کے درمیان ابدی بھائی چارے کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔انہوں نے پاکستان بیت المال، الخدمت فانڈیشن، پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز اور سویٹ ہومز سمیت پارٹنر تنظیموں کے تعاون کو بھی سراہا جنہوں نے تقریبات میں شرکت اور تعاون کیا۔

سفیر نے بچوں کے لیے خصوصی مینو تیار کرنے پر مووین پک ہوٹل کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر بچوں کی تفریح کے لیے مختلف قسم کی دلکش سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں میوزیکل چیئرز، ٹگ آف وار، کوئز مقابلے، فٹ بال میچز، ٹرامپولین سرگرمیاں اور انفلٹیبل پلے ایریاز شامل تھے جس سے تقریب کو چار چاند لگ گئے۔تقریب کی نظامت ڈی آر پی ٹی ایونٹ مینجمنٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر نعیم تالپور نے کی جن کے انتظامات اور کوآرڈینیشن کو ترک سفیر اور شرکا نے یکساں طور پر سراہا۔اپنے کلمات کے اختتام پر ترک سفیر نے تقریب کے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور بچوں کے درمیان خوشی، اتحاد اور مشترکہ اقدار کو پروان چڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں تقریبات سے لطف اندوز ہونے کی ترغیب دی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔