اسلام آباد: (سب نیوز): اسلام آباد کی تعمیر و ترقی میں شہریوں کو شریک کرنے، مسائل کے فوری حل، شہر کو جدید اور مزید خوبصورت بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کیساتھ براہ راست رابطے کویقینی بنایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں پیر کے روز مورخہ 04 مئی 2026، صبح 10 بجے تا دوپہر 12 بجے تک گندھارا سٹیزن کلب، ایف نائن پارک میں خصوصی سیٹیزن فورم (خدمت کچہری) کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ جسمیں چئیرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ شرکت کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق، سیٹیزن فورم (خدمت کچہری) میں شہریوں کے سی ڈی اے، ایم سی آئی، آئی سی ٹی انتظامیہ سمیت دیگر فراہم کی جانے والی سروسز سے متعلقہ مسائل سننے جائینگے۔ سیٹیزن فورم (خدمت کچہری) کے انعقاد کا مقصد سی ڈی اے اور شہریوں کے درمیان براہِ راست رابطہ قائم کرنا، شہر کی بہتری کیلئے تجاویز اور شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔
سیٹیزن فورم (خدمت کچہری) میں شہریوں کے جائیداد کی خرید و فروخت، بلڈنگ کنٹرول، غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات، سڑکوں، سٹریٹ لائٹس، واٹر اینڈ سینیٹیشن، شجر کاری اور لینڈ سکیپنگ، بلنگ بقایاجات، ایکسائز کیسز، رہائشی کیسز، متاثرین اراضی، زیر التواء این او سیز، اسلحہ لائسنس، ریونیو کیسز، کوآپریٹیو سوسائٹیز، لیبر اینڈ ویلفیئر سمیت دیگر مسائل سنکر انکے حل کیلئے احکامات دیئے جائینگے۔
مزید برآں، جو شہری خدمت کچہری میں ذاتی طور پر شرکت نہیں کر سکتے، وہ اپنی شکایات اور تجاویز ای میل planning@cda.gov.pk پر بھی ارسال کرسکتے ہیں۔ سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام موصول شکایات اور تجاویز کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان پر عملدرآمد اور شکایات کے فوری ازالے کو ادارے کے قواعد و ضوابط کے مطابق حل بھی کیا جائیگا۔
علاوہ ازیں، خدمت کچہری میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات و سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے شہری اپنی قیمتی آراء بھی سی ڈی اے حکام تک پہنچا سکتے ہیں۔ تاکہ شہریوں کی قیمتی آراء کی روشنی میں فراہم کی جانے والی سروسز و خدمات کو جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے۔ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی اسلام آباد کی بہتری میں شامل کرنا، انکے مسائل کو انکی دہلیز پر نہ صرف حل کرنا ہے بلکہ سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔
دارالحکومت اسلام آباد کی بہتری اور ترقی میں شہریوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے خدمت کچہری ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ جہاں شہری نہ صرف اپنے مسائل خود اٹھا سکیں گے بلکہ سی ڈی اے، آئی سی ٹی اورایم سی آئی کے افسران انکے تحفظات کو سمجھ کر عملی اقدامات کرسکیں گے۔
