Sunday, May 3, 2026
ہومتازہ ترینعالمی یومِ آزادیِ صحافت: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا آزاد میڈیا کی اہمیت پر زور

عالمی یومِ آزادیِ صحافت: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا آزاد میڈیا کی اہمیت پر زور

اسلام آباد (سب نیوز)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے عالمی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوری معاشروں کی روح ہے، جو نہ صرف ریاستی اداروں کو جوابدہ بناتی ہے بلکہ عوام کو باخبر اور باشعور رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 3 مئی کا دن اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ آزادیٔ اظہارِ رائے اور معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اور اس حق کے تحفظ کے لیے صحافیوں کی خدمات انتہائی قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافت صرف خبر رسانی کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ سچائی، شفافیت اور انصاف کے فروغ کا مؤثر ہتھیار بھی ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کو کئی پیچیدہ چیلنجز کا سامنا ہے جن میں فیک نیوز، ڈیجیٹل پروپیگنڈا اور معلومات کی غیر مصدقہ ترسیل شامل ہیں۔ ایسے حالات میں ذمہ دارانہ اور تحقیق پر مبنی صحافت کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ اصولوں، غیر جانبداری اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔

انہوں نے پاکستان کے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود صحافی برادری نے ہمیشہ حقائق کی تلاش اور عوام تک درست معلومات کی فراہمی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافیوں کے تحفظ، ان کی پیشہ ورانہ آزادی اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے پارلیمان اپنا کردار مزید مؤثر بنائے گی۔

سیدال خان ناصر نے کہا کہ آئینِ پاکستان میں دی گئی آزادیٔ اظہار کی ضمانتوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں سینیٹ آف پاکستان قانون سازی اور پالیسی سازی کے ذریعے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، خودمختار اور باوقار میڈیا ہی ایک مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ سکتا ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ریاستی اداروں اور میڈیا کو مشترکہ طور پر آگے بڑھنا ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔