اسلام آباد، اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی سے رابطہ کرکے انتخابی اصلاحات کمیٹی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جمعیت علما اسلام (جے یو آئی)کسی انتخابی اصلاحات کمیٹی کا حصہ نہیں ہوگی۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کسی پلیٹ فارم پر عمران خان حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھے گی، پی ڈی ایم کا حصہ ہونے پر ن لیگ کوکسی بھی معاملے پر اسے اعتماد میں لینا ہوگا۔خیال رہے کہ حکومت اور اپوزیشن نے انتخابی اصلاحات پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی دونوں ایوانوں کے اراکین پر مشتمل ہوگی، کمیٹی بنانے کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں علیحدہ علیحدہ تحاریک پیش ہوں گی جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی رہنمائوں کی مشاورت سے کمیٹی بنائیں گے۔
انتخابی اصلاحات کمیٹی کا معاملہ ، جے یو آئی ف، ن لیگ میں دوریاں بڑھنے لگیں
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
