اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)اور پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا (پی بی اے کوریا) کے درمیان پاکستان اور جنوبی کوریا کے کاروباری طبقوں کے مابین روابط مضبوط بنانے، باہمی تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے، بی ٹو بی تعاون بڑھانے اور مشترکہ کاروباری مواقع پیدا کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کیے گئے ہیں۔ ایم او یو پر دستخط پی بی اے کوریا کے چیئرمین مدثر علی چیمہ (تمغہ امتیاز)کی قیادت میں اعلی سطحی وفد کے آئی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر کیے گئے۔
پی بی اے کوریا کے چیئرمین مدثر علی چیمہ نے آئی سی سی آئی کی جانب سے پاک۔کوریا کاروباری روابط کو منظم اور موثر بنانے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا نے جنوبی کوریا میں پاکستانی کاروباری برادری کو منظم کرنے، کمیونٹی اور کاروباری مسائل کے حل میں کردار ادا کرنے اور پاکستان و جنوبی کوریا کے درمیان تجارتی و کاروباری تعلقات کے فروغ کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایم او یو پر دستخط پاک۔کوریا مضبوط تعلقات کو ٹھوس معاشی مواقع میں تبدیل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی، خصوصا جنوبی کوریا میں موجود پاکستانی کاروباری برادری، پاکستان کو عالمی منڈیوں، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی کاروباری نیٹ ورکس سے جوڑنے میں مثر معاشی سفیر کا کردار ادا کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی مارکیٹ، نوجوان افرادی قوت اور وسیع سرمایہ کاری کی صلاحیت کو جنوبی کوریا کی جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ، صنعتی مہارت اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے ساتھ مربوط کیا جائے تو دونوں ممالک کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند کاروباری مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم او یو کے تحت بی ٹو بی ملاقاتوں، مشترکہ کاروباری وفود، سرمایہ کاری کے مواقع، مارکیٹ معلومات کے تبادلے اور دونوں ممالک کے کاروباری افراد کے درمیان براہِ راست روابط کو فروغ دینے کے لیے عملی فریم ورک فراہم ہوگا۔پی بی اے کوریا کے صدر رحیم شاہ نے کہا کہ ایسوسی ایشن ایم او یو کے مقاصد کو عملی اقدامات اور باہمی طور پر مفید کاروباری مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے آئی سی سی آئی کے ساتھ قریبی تعاون کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں اداروں کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون پاکستانی اور کوریائی کمپنیوں کو نئی شراکت داریوں، مشترکہ منصوبوں، سرمایہ کاری کے منصوبوں اور ٹیکنالوجی و مہارت کی منتقلی کے مواقع تلاش کرنے میں مدد دے گا۔اس موقع پر پی بی اے کوریا کے وائس چیئرمین صابر خان خٹک، آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی اور وسیم چوہدری، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری اور دیگر کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔
