Sunday, May 17, 2026
ہومپاکستانمریم نواز کا یوٹرن،آرمی چیف کی ایکسٹینشن سے متعلق اپنے بیان سے مکر گئیں

مریم نواز کا یوٹرن،آرمی چیف کی ایکسٹینشن سے متعلق اپنے بیان سے مکر گئیں

اسلام آباد(آئی پی ایس )مریم نواز کا یوٹرن،آرمی چیف سے متعلق اپنے بیان سے مکر گئیں۔ کہتی ہیں قبر تک مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہوں، آرمی چیف کو ایکسٹینشن سے متعلق قانون سازی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ وہ اس مسلم لیگ میں شامل نہیں تھیں جس نے آرمی چیف کی ایکسٹینشن کیلئے ووٹ دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی ،مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے ۔سماعت شروع ہونے سے قبل کمرہ عدالت میں مریم نوز نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کو توسیع دینے سے متعلق موقف وقت آنے پر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جس حکومت کی بنیاد ہی دھاندلی پر ہو فری اینڈ فیئر الیکشن سے کیا تعلق ہے؟ الیکٹرانک ووٹنگ مشین دھاندلی کرنے کا نیا طریقہ ہے۔ صحافی نے آرمی چیف کو ایکسٹینشن سے متعلق سوال کیا تو مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرا ری ایکشن اس پر کیا تھا وہ سب کو معلوم ہے۔ اس جواب سے صحافی بھی کہاں مطمئن ہونے والے تھے، سوال داغا کہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن کی (ن) لیگ نے باجماعت حمایت کا ووٹ دیا تھا؟ مریم نواز نے جواب دیا کہ میں اس جماعت میں شامل نہیں تھی، میں اس گناہ میں شامل نہیں تھی۔ پیشی کے بعد براہ راست گفتگو میں بھی مریم نواز نے یہی موقف اپنایا۔ہائیکورٹ میں پیشی سے واپسی پر مریم نواز نے اپنے اس بیان کی تردید بھی کر ڈالی۔ ٹویٹر پیغام میں کہا کہ میں نے آرمی چیف کی ایکسٹنشن کو ووٹ دینے والی مسلم لیگ (ن )میں شامل نہ ہونے کی بات نہیں کی۔ میں قبر تک ن لیگ کے ساتھ ہوں۔اتنی تیزی کے ساتھ مریم نواز کے موقف میں تبدیلی نے صحافیوں کو حیران پریشان کردیا۔ مریم نواز نے کسی کے کہنے پر یوٹرن لیا یا پالیسی بھول گئیں، اس کا جواب تو انہی کے پاس ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔