نیویارک (آئی پی ایس ))امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں نے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کا دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایرانی جب چاہیں کسی بھی وقت امریکا سے بات کر سکتے ہیں، اس جنگ میں تمام کارڈز امریکا کے پاس ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ جب سارے کارڈز ہمارے پاس ہیں تو 18 گھنٹے کا سفر کرکے وہاں جا کر بے مقصد باتیں کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور غیریقینی صورت حال کا شکار ہے، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آج پاکستان کا ایک روزہ دورہ کیا جس میں اعلی سطح ملاقاتوں کے دوران خطے کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گزشتہ رات وائٹ ہاس نے اعلان کیا تھا کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی ہفتے کی صبح اسلام آباد کے لیے روانہ ہو جائیں گے، تاہم اب ان کا دورہ منسوخ ہوگیا ہے۔
اس سے قبل امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا پہلا دورہ اسلام آباد میں ہو چکا ہے، جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس وفد کے ہمراہ شریک ہوئے، جبکہ ایران کی جانب سے اسپیکر باقر قالیباف کی سربراہی میں وفد نے شرکت کی تھی۔ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے لیے بھرپور سفارت کاری کررہا ہے، جس کا عالمی سطح پر اعتراف بھی کیا جارہا ہے۔
