اسلام آباد،(سب نیوز): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عاشورہ کے موقع پر نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام، اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعۂ کربلا تاریخِ اسلام کا ایک عظیم باب ہے، جو حق، انصاف، حریت، صبر اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا ابدی درس دیتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار رفقا نے دینِ اسلام کی سربلندی، انسانی وقار اور عدل و انصاف کے تحفظ کے لیے عظیم قربانیاں پیش کیں اور باطل قوتوں کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے کے بجائے حق و صداقت کا علم بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیاں قیامت تک آنے والی نسلوں کے لیے جرات، عزم اور استقامت کی روشن مثال ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسوۂ حسینی ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ ایک مہذب، پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد انصاف، رواداری، اخوت اور برداشت پر استوار ہوتی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور عدم برداشت جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد اور مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے فلسطین اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام اپنے حقِ خود ارادیت اور انصاف کے حصول کے لیے مسلسل قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ ان کی جرات و استقامت اس آفاقی پیغام کی یاد دلاتی ہے جو حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا نے اپنی عظیم قربانیوں کے ذریعے انسانیت کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم، جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنا اور حق و صداقت کے اصولوں پر ثابت قدم رہنا ہی پیغامِ کربلا کی حقیقی روح ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیلنجز کا مقابلہ اتحاد، بصیرت اور مشترکہ جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عاشورہ کے موقع پر صبر، تحمل، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہوئے حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی حضرت امام حسین علیہ السلام، اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ واقعۂ کربلا حق، انصاف، حریت اور انسانی وقار کا آفاقی پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کا جذبۂ ایثار، قربانی اور ثابت قدمی ہر دور میں انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ واقعۂ کربلا ہمیں حق اور سچ کی خاطر ہر مشکل کا ثابت قدمی سے سامنا کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پیغامِ حسینی کو اپنی زندگیوں میں اپناتے ہوئے اتحاد، اخوت اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔

