اسلام آباد (آئی پی ایس )نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے خطے کی تازہ صورتحال پر ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے علاقائی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔اجلاس کے دوران انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان، ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کر رہا ہے تاکہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اس حوالے سے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اسحاق ڈار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران-امریکا سہولت کاری کے عمل سے متعلق پاکستان کا مقف صرف وہی تصور کیا جائے گا جو سرکاری ذرائع سے جاری کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نامعلوم پاکستانی حکام یا ذرائع کے حوالے سے پرنٹ یا سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی معلومات پاکستان کی سرکاری پوزیشن کی عکاسی نہیں کرتیں۔انہوں نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو مشورہ دیا کہ قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں سے گریز کیا جائے اور صرف مستند سرکاری بیانات پر انحصار کیا جائے۔
