Thursday, April 23, 2026
ہومبریکنگ نیوزوزیرِ اعظم سے پاکستانی خلا بازوں کی ملاقات، خلائی مشن کو تاریخی سنگ میل قرار

وزیرِ اعظم سے پاکستانی خلا بازوں کی ملاقات، خلائی مشن کو تاریخی سنگ میل قرار

اسلام آباد:(آئی پی ایس) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے انسانی خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا باز، خرم داؤد اور محمد ذیشان علی نے ملاقات کی، اس موقع پر سپارکو کے خلاباز اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے۔
ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے شرکت کی۔

ملاقات میں چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ بھی شریک تھے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا خلا بازوں سے گفتگو کے دوران کا کہنا تھا کہ آپ دونوں نوجوان اور خلاباز اتاشی سے مل کر دلی مسرت ہوئی، آپکا خلائی مشن پر تحقیق کیلئے جانا پاکستان کیلئے ایک اہم سنگ میل اور مجھ سمیت پوری قوم کیلئے قابل فخر امر ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پُر اعتماد ہوں کہ آپ پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب لکھنے جا رہے ہیں، آپ کی شبانہ روز محنت کی بدولت آپ نے یہ مقام حاصل کیا جو قابل ستائش ہے، چینی توسط سے آپکا یہ سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔

چینی سفیر سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ خلائی تحقیق میں پاکستان اور چین کے تعاون سے دونوں ممالک کی دوستی آسمان کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے ستاروں پر کمند ڈالنے کیلئے تیار ہے۔

مزید برآں، چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کی گفتگو کا خیر مقدم کیا اور دونوں ممالک کے خلائی تحقیق میں تعاون کو خوش آئندہ قرار دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔