لاہور(آئی پی ایس) ضلع کچہری میں یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے خلاف زیرِ سماعت مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت نے ان کے نام کو پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔ ملزمان کے خلاف این سی سی آئی اے کی جانب سے مبینہ طور پر آن لائن جوا ایپس کی پروموشن سے متعلق مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
عدالتی کارروائی کے دوران این سی سی آئی اے نے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی جس میں بتایا گیا کہ یوٹیوبر سعد الرحمان کا نام پی این آئی ایل لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ابتدائی طور پر تفتیش میں عدم تعاون کے باعث ملزم کا نام اس لسٹ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں ضمانت کے بعد وہ شاملِ تفتیش ہو گئے۔
تفتیشی حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے میں اب کوئی اعتراض نہیں، اور اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کو باقاعدہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے جس میں ان کے نام کے اخراج کی منظوری کی سفارش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے خلاف آن لائن جوا ایپ کی مبینہ پروموشن کے الزام میں مقدمہ درج ہے، تاہم حالیہ پیش رفت میں انہیں انتظامی سطح پر بڑا ریلیف مل گیا ہے۔
