ہومتازہ ترینجناح ہاوس حملہ کیس،حماد اظہر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7روز کی توسیع

جناح ہاوس حملہ کیس،حماد اظہر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7روز کی توسیع

لاہور (سب نیوز)انسداد دہشتگردی لاہور کی عدالت نے 2023کے جناح ہاوس حملہ کیس میں تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع کردی۔
سرور روڈ پولیس نے 9 مئی 2023 کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران جناح ہاوس، جو کور کمانڈر کی رہائش گاہ بھی ہے، پر حملے اور توڑ پھوڑ کے الزام میں تحریک انصاف کے متعدد رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے تھے۔پیر کے روز پولیس نے سابق وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر کو ان کے 21روزہ جسمانی ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیاکہ پولیس کو حماد اظہر کے موبائل فون اور سم برآمد کرنے کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے، کیونکہ یہ اہم شواہد ہیں۔ انہوں نے عدالت سے مزید 7 روز کا ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔حماد اظہر نے عدالت کے روبرو مزید ریمانڈ کی درخواست پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ انہیں پہلے ہی 21 روز سے جسمانی ریمانڈ پر رکھا گیا ہے، جبکہ جس واقعے کا الزام عائد کیا گیا ہے، اس میں وہ موقع پر موجود ہی نہیں تھے۔حماد اظہر نے سوال کیا، یہاں قتل کے ملزم کو بھی 14 روزہ ریمانڈ پر بھیجا جاتا ہے، کیا میرا جرم قتل سے بھی زیادہ سنگین ہوگیا ہے؟،سابق وزیر نے یہ شکایت بھی کی کہ انہیں اپنے وکلا یا اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
اے ٹی سی نے استغاثہ کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کو حماد اظہر کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔حماد اظہر سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر کے صاحبزادے ہیں۔ انہیں 9 مئی کے فسادات سے متعلق مقدمات میں کارروائی میں شامل نہ ہونے پر متعدد انسداد دہشتگردی عدالتوں کی جانب سے اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔حماد اظہر 22 مئی 2024 کو ایک سال تک روپوش رہنے کے بعد دوبارہ منظر عام پر آئے تھے۔ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد ریاست کی جانب سے تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف کریک ڈاون شروع کیے جانے پر وہ روپوش ہوگئے تھے۔اس وقت بھی حماد اظہر گرفتاری سے بچ گئے تھے جب محکمہ انسداد دہشتگردی نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سیکریٹریٹ پر چھاپہ مارا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔