Tuesday, April 21, 2026
ہومبریکنگ نیوزغیر متوقع تعطیلات میں بھی عدالتی نظام جاری رکھنے کے لیے سپریم کورٹ کے نئے ایس او پیز جاری

غیر متوقع تعطیلات میں بھی عدالتی نظام جاری رکھنے کے لیے سپریم کورٹ کے نئے ایس او پیز جاری

اسلام آباد (آئی پی ایس )سپریم کورٹ آف پاکستان نے غیر متوقع عوامی تعطیلات کے دوران عدالتی امور کے تسلسل اور مقدمات کی سماعت کو یقینی بنانے کے لیے نئے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) جاری کر دیے ہیں۔21 اپریل 2026 کو جاری پریس ریلیز کے مطابق، ان اقدامات کا مقصد عدالتی نظام کو بلا تعطل جاری رکھنا، مقدمات کی سماعت کو شفاف اور قابلِ پیشگوئی بنانا اور ترجیحی بنیادوں پر کیسز نمٹانا ہے۔

ایس او پیز کے تحت ہنگامی طور پر اعلان ہونے والی تعطیلات میں بھی عدالت کے انتظامی اور عدالتی امور معمول کے مطابق جاری رہیں گے، جس کے لیے کم سے کم ضروری عملہ تعینات کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے حتمی اختیار چیف جسٹس آف پاکستان کے پاس ہوگا۔

نئے نظام کے مطابق فوری نوعیت کے مقدمات کو ترجیح دی جائے گی، جن میں خاندانی تنازعات، ضمانت کی درخواستیں، فوجداری نظرثانی اپیلیں، 80 سال سے زائد عمر کے قیدیوں کے کیسز، بحالی کی درخواستیں، صلح نامے اور مختصر قانونی نکات پر مشتمل مقدمات شامل ہیں۔

زیر التوا مقدمات کا بوجھ کم کرنے کے لیے ہر فائنل کاز لسٹ کا کم از کم 40 فیصد حصہ 2018 تک کے پرانے مقدمات پر مشتمل ہوگا، جبکہ ضرورت کے مطابق بعد کے کیسز بھی شامل کیے جائیں گے۔ سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے وکلا کے مقدمات کے لیے خصوصی سہولت فراہم کرنے کی بھی شق شامل کی گئی ہے۔

مزید برآں، ہفتہ وار اور مجوزہ ماہانہ کاز لسٹس کے اجرا کے ساتھ ایک خودکار مقدمہ شیڈولنگ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد شفافیت میں اضافہ، تاخیر میں کمی اور مقدمات کے مثر انتظام کو یقینی بنانا ہے۔سپریم کورٹ کے مطابق یہ اقدامات عدالتی نظام کو مثر، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور عوام دوست بنانے کے عزم کا حصہ ہیں، جبکہ ایس او پیز عوامی آگاہی کے لیے عدالت کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔