اسلام آباد (آئی پی ایس )الیکشن کمیشن نے جمعرات کے روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو 15 اکتوبر تک پارٹی کے اندرونی انتخابات منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں کمیشن کے 3 رکنی بینچ نے ایم کیو ایم پاکستان کو اکتوبر تک انتخابات کرانے کی مہلت دیدی۔سماعت کے دوران پارٹی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک کے بجائے بیرسٹر فروغ نسیم پیش ہوئے اور 90 دن کی مزید مہلت کی درخواست کی۔
انہوں نے مقف اختیار کیا کہ پارٹی انتخابی فہرستوں کی تیاری میں مصروف ہے اور یہ عمل آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل پولیٹیکل فائنانس مسعود شیروانی نے بینچ کو بتایا کہ پارٹی کو 16 جنوری کو انتخابات کرانا تھے۔بعد ازاں اس تاریخ کو 16 مارچ تک بڑھایا گیا، اور اب پارٹی نے دسمبر تک مزید وقت مانگا ہے۔
اس سے قبل 7 اپریل کو ہونے والی سماعت میں الیکشن کمیشن نے پارٹی کی جانب سے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی پیشی کے لیے 2 ماہ کی مہلت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔سماعت کے دوران مسعود شیروانی اور ایم کیو ایم پاکستان کے نمائندے کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔ مسعود شیروانی کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے آخری بار 16 اکتوبر 2021 کو انٹرا پارٹی انتخابات کرائے تھے، جبکہ پارٹی کے آئینی ڈھانچے کے تحت اگلے انتخابات 16 اکتوبر 2025 تک منعقد ہونا لازمی تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن نے پارٹی کو 16 جنوری 2026 تک انتخابات کرانے کی ہدایت دی تھی، تاہم پارٹی نے ایک قرارداد کے ذریعے موجودہ عہدیداروں کی مدت میں ایک سال کی توسیع کردی تھی۔ پارٹی کی قرارداد میں کہا گیا تھا کہ انتخابات 16 مارچ 2026 سے قبل کرا لیے جائیں گے، تاہم اس پر بھی عملدرآمد نہیں ہو سکا۔
