Wednesday, April 15, 2026
ہومبریکنگ نیوزامریکی ناکہ بندی ناکام؟ 24 گھنٹوں میں 20 جہاز ہرمز سے گزر گئے

امریکی ناکہ بندی ناکام؟ 24 گھنٹوں میں 20 جہاز ہرمز سے گزر گئے

واشنگٹن: (آئی پی ایس) ایک امریکی جریدے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی ناکہ بندی کے باوجود گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 سے زائد تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، جس نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا کی جانب سے آبنائے ہرمز پر سخت نگرانی اور کنٹرول کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل سینٹ کام نے کہا تھا کہ ہرمز کی بندش کے ابتدائی 24 گھنٹوں میں 6 بحری جہازوں کو واپس بھیج دیا گیا جبکہ کوئی بھی ایرانی جہاز اس راستے سے نہیں گزر سکا۔
سینٹ کام کے مطابق آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے لیے 10 ہزار سے زائد سیلرز، میرینز اور ایئر مین تعینات کیے گئے ہیں، جو اس اہم بحری گزرگاہ پر مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی خاص طور پر ایران کی بندرگاہوں کی طرف آنے جانے والے جہازوں پر لاگو ہے۔
امریکی فوجی حکام نے مزید بتایا کہ ایران کے علاوہ خلیج کی دیگر تمام بندرگاہیں بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے کھلی ہیں، تاہم ایران سے متعلق نقل و حرکت کو محدود کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق متضاد دعوؤں نے اس صورتحال کو مزید غیر یقینی بنا دیا ہے، اور یہ عالمی تجارتی راستوں، تیل کی ترسیل اور خطے کی سلامتی پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔