Wednesday, April 15, 2026
ہوماسلام آبادسندھ کی طرز پر اسلام آباد میں کاروباری اوقات مقرر کیے جائیں، سردار طاہر محمود

سندھ کی طرز پر اسلام آباد میں کاروباری اوقات مقرر کیے جائیں، سردار طاہر محمود

اسلام آباد(آئی پی ایس )صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سردار طاہر محمود نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کاروباری اوقات کار کو آسان اور متوازن بنایا جائے، اور مارکیٹس و شاپنگ سینٹرز کو رات 9 بجے جبکہ ریسٹورنٹس کو رات 11:30 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی جائے، تاکہ انہیں سندھ حکومت کے 10 اپریل کے نوٹیفکیشن کے مطابق ہم آہنگ کیا جا سکے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بازاروں، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے لیے مقرر کردہ اوقات کار ایک متوازن حکمت عملی کی عکاسی کرتے ہیں، جو توانائی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل کو بھی یقینی بناتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اسلام آباد میں بھی ایسا ہی کاروبار دوست طریقہ کار اپنایا جانا چاہیے تاکہ تاجروں کو سہولت ملے اور معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ ایک ہی ملک میں مختلف علاقوں کے لیے الگ الگ کاروباری قوانین نافذ کرنا کاروباری اور سرمایہ کار برادری کے لیے منفی پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں میں یکسانیت معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے نہایت ضروری ہے، جبکہ غیر مربوط نظام کاروباری غیر یقینی صورتحال کو بڑھاتا ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری نے ہمیشہ حکومتی پالیسیوں، خصوصا کفایت شعاری اقدامات پر مکمل تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی، تاہم ضروری ہے کہ ایسے فیصلے مشاورت سے کیے جائیں تاکہ وہ قابلِ عمل اور مثر ثابت ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری برادری غیر ضروری پابندیوں کے بجائے سہولت کی توقع رکھتی ہے کیونکہ پائیدار معاشی ترقی ایک مستحکم اور پیشگوئی کے قابل پالیسی ماحول سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے آخر میں اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی حکومت کے ساتھ مل کر ملک میں پائیدار معاشی ترقی اور بہتر کاروباری ماحول کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔