ڈھاکہ (آئی پی ایس )بنگلادیش حکومت نے عالمی توانائی خدشات اور ایندھن کی فراہمی سے متعلق بڑھتی تشویش کے پیش نظر ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس پر خصوصی نگرانی افسران، جنہیں ٹیگ آفیسرز کہا جائے گا، تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔سرکاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ انرجی اینڈ منرل ریسورسز ڈویژن کے سیکریٹری محمد سیف الاسلام کی زیر صدارت ہونے والے ایک ورچوئل اجلاس میں کیا گیا۔
حکومتی ہدایات کے تحت ملک کے ہر فیول اسٹیشن کے لیے ایک ٹیگ آفیسر مقرر کیا جائے گا۔ ڈھاکا اور چٹاگانگ جیسے بڑے شہری علاقوں میں ان تقرریوں کی نگرانی بنگلادیش پیٹرولیم کارپوریشن کرے گی۔دیگر اضلاع اور ڈویژنل شہروں میں ڈپٹی کمشنرز متعلقہ افسران نامزد کریں گے، جبکہ تحصیل سطح پر یہ ذمہ داری اپازیلا نرباہی افسران کو سونپی گئی ہے۔
حکومت کے منصوبے کے مطابق ٹیگ آفیسرز ایندھن کی تقسیم اور انتظامی امور کی نگرانی کریں گے اور انرجی اینڈ منرل ریسورسز ڈویژن اور بنگلادیش پیٹرولیم کارپوریشن کی جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ انہیں شفافیت اور جوابدہی برقرار رکھنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس جمع کرانا ہوں گی۔
تمام متعلقہ سرکاری اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تقرریوں کا عمل فوری مکمل کر کے تفصیلات انرجی ڈویژن کو ارسال کی جائیں۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد بہتر رابطہ کاری، بے ضابطگیوں کی روک تھام اور عالمی منڈی میں اتار چڑھا کے دوران ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
