لاہور(آئی پی ایس ) پنجاب ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول اتھارٹی نے صوبے بھر میں مختلف کمپنیوں کی 8 اقسام کی ادویات کے مخصوص بیچز کی فروخت اور استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی۔ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے الرٹ کے مطابق یہ ادویات مقررہ کوالٹی اسٹینڈرڈز پر پوری نہیں اترتیں۔ جانچ کے دوران بعض ادویات پوٹینسی ٹیسٹ میں ناکام پائی گئیں۔
جبکہ چند ادویات کو غیر معیاری، ملاوٹ شدہ یا قواعد و ضوابط کے خلاف غلط لیبلنگ کے ساتھ مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا تھا۔اتھارٹی نے ان ادویات کو مارکیٹ سے واپس لینے کے بھی احکامات جاری کر دیئے۔اتھارٹی نے الرٹ میں متاثرہ بیچز کی مکمل تفصیلات بھی فراہم کر دیں۔ تاکہ فارمیسیوں اور میڈیکل اسٹورز کو بروقت آگاہ کیا جا سکے۔جن ادویات کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی ان میں آنکھوں کے قطرے اومنی وائز 2 فیصد- 5 ملی لیٹر، سیٹفن گولی- 10 ملی گرام، سینیکس گولی- 10 ملی گرام، آئیسوباج انجکشن- 10 ملی لیٹر، نیو کوبال انجکشن، میگا ڈپ گولی- 5 ملی گرام، کامیڈیکس انجکشن- 1 ملی لیٹر، اسکارڈ 75 انٹرک کوٹڈ گولی شامل ہیں۔ڈرگ کنٹرول اتھارٹی نے تمام میڈیکل اسٹورز، فارمیسیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایت کی ہے۔ کہ وہ ان ادویات کی فروخت فوری بند کریں۔ اور موجود اسٹاک متعلقہ حکام کو واپس کریں۔ اتھارٹی نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ان ادویات کے استعمال سے گریز کریں۔ کیونکہ غیر معیاری ادویات صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ کسی بھی مشتبہ دوا کی اطلاع قریبی ڈرگ انسپکٹر یا متعلقہ ادارے کو دی جائے۔
