ہومپاکستانافغانستان سے آنے والے غیرملکیوں کو ٹھرانے کا معاملہ، جڑواں شہروں کے ہوٹلز کو کمرے خالی کروانے کی ہدایات جاری

افغانستان سے آنے والے غیرملکیوں کو ٹھرانے کا معاملہ، جڑواں شہروں کے ہوٹلز کو کمرے خالی کروانے کی ہدایات جاری

اسلام آباد ، افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا کے بعد ان کے اپنے ممالک بھیجنے کی خاطر دارالحکومت اسلام آباد میں خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں،اسی سلسلے میں اسلام آباد کے تمام ہوٹلز کوبیرون ملک سے آنے والوں مہمانوں کو ٹھرانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بکنگ کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے ہوٹلز خالی کرانیکا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے احکامات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے، اس سلسلے میں تمام ہوٹلز کے رومز ضلعی انتظامیہ کے قبضہ میں ہوں گے ،تمام ہوٹلزمیں افغانستان سے آئے غیر ملکیوں کو ٹھہرایا جائے گا،ہزاروں کی تعداد میں غیرملکی کل سے پاکستان پہنچنا شروع ہوں گے جنہیں مقررہ ہوٹلز میں رہائش کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ادھر راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر کے 148 ہوٹلز کا کنٹرول سنبھال لیاہے، ذرائع کے مطابق ان تمام ہوٹلز کے کمرے افغانستان سے آنے والے مسافروں کے لیے مختص کردئیے گئے ہیں،افغانستان سے آنے والوں کے قیام کیلئے 19 کالجزاور یونیورسٹیز ہاسٹل بھی تحویل میں لے لئے گئے ہیں ،غیر ملکیوں کو ایک مہینے کے ٹرانزٹ ویزے دئیے جائیں گے، پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارے ہوٹلز اور ہاسٹلز پر تعینات ہوں گے،تمام مارک شدہ ہوٹلز اور ہاسٹلز کی بکنگ تاحکم ثانی بند کردی گئی۔واضح رہے کہ افغانستان سے پاکستانیوں سمیت غیرملکیوں کی بحفاظت انخلا کے لیے پاکستان کا مشن جاری ہے اور اب تک 30 سے زائد ممالک کے شہریوں کو انخلا میں مدد کی گئی ہے۔ترک فوجیوں کا پہلا دستہ کارگو طیارے سے کابل سے براستہ اسلام آباد سے انقرہ پہنچا ہے۔ افغانستان میں اپنا مشن مکمل کر کے وطن واپس لوٹنے والوں کا انقرہ ایئرپورٹ پر خیر مقدم کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔