Wednesday, June 10, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینبھارتی فوج کی ریاستی بربریت نہ تھم سکی ، سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 5کشمیر ی شہید ،علاقے میں کرفیو نافذ

بھارتی فوج کی ریاستی بربریت نہ تھم سکی ، سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 5کشمیر ی شہید ،علاقے میں کرفیو نافذ

سرینگر، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی، رات گئے سری نگر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ صبح سوپور میں بھی بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے،بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے دعوی کیا ہے کہ سری نگر اور سوپور میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران مسلح نوجوانوں نے گرفتاری دینے کے بجائے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی تھی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔سوپور میں سرچ آپریشن کی آڑ میں بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے 5 کشمیری شہید کردیئے،قابض فوج نے علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے، گھرگھر تلاشی کے نام پر کشمیریوں کا جینا محال کیا جارہا ہے۔اس سے قبل چھ اگست کو مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز ہزاروں کشمیری سڑکوں پر نکلے اور بھارتی حکومت کے بربریت کیخلاف احتجاج کیا۔’بھارتی فوج کی جانب سے عوام کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں مزید 4 افراد شہید اور 400 کے قریب زخمی ہوگئے تھے جن میں 6 کی حالت تشویش ناک ہے۔قابض فوج نے نہتے کشمیریوں پر ایک بار پھر پیلٹ گن کا استعمال کیا جس سے 50 سے زائد معصوم کشمیریوں کی آنکھیں متاثر ہوئیں ہیں۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں تاحال کرفیو نافذ ہے۔جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت سے کہا ہے کہ:وہ پیلٹس گن کے استعمال پر پابندی عائد کرے۔ تنظیم نے شہادتوں کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معصوم اور نہتے نوجوانوں کو بھارتی فوج نے اپنی بربریت کا نشانہ بنایا۔ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے نہیں کیا جا رہا ہے۔مودی سرکار کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے بھارتی فوج نے وادی کو قید خانے میں تبدیل کردیا ہے جہاں ماورائے عدالت قتل معمول کی بات بن گئے ہیں تاہم غیور کشمیری اپنے حق سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں۔ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ کشمیری ششدر و پریشان ہیں ،وہ اپنا اظہار نہیں کر سکتے اور جو لوگ سچائی بیان کرتے ہیں کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ انکا منتظر ہوتاہے۔ محبو بہ مفتی نے کہا کہ صحافیوں کو ہراساں اور گرفتار کیا جا رہا ہے ، انہیں پاسپورٹ فراہم نہیں کیا جارہا۔ محبوبتہ مفتی نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے شمالی ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی فوج کی گاڑی نے ایک بوڑھی عورت کچل دیا اور جس شخص نے اس دلخراش واقعے کی ویڈیو بنائی اس پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جوظلم کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اس وقت بہت زیادہ دباؤ میں ہیں جس سے آپسی اتحاد و اتفاق سے ہی چھٹکارا پایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی کے نظریے کو بندوق کی نوک پر یا لاٹھی کے استعمال سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ کچھ عناصر پیپلز الائنس فار گپکر ڈیکلریشن کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور الائنس کی صفوں میں الجھن اور غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ہمیں ثابت قدم اور محتاط رہنا ہوگا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ دفعہ 370 نے ہماری زمین اور نوکریوں کو محفوظ بنایا تھا لیکن اب بیرونی لوگ چھاپے مار رہے ہیں اور ہم دیکھ سکتے ہیں کہ بیرونی لوگوں نے جموںوکشمیر میں کس طرح ریت نکالنے کے معاہدوں کو کنٹرول کیا ہے، کس طرح این ایچ پی سی (نیشنل ہائیڈرو پاور کمپنی) نے کشمیریوں کے وسائل اور بجلی کے منصوبوں کو لوٹا ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ ایک دن بھارتی وزیراعظم کہتے ہیں کہ انہیں کشمیر میں لوگوں کے دل جیتنے ہیںجبکہ دوسرے دن ان کے لیفٹیننٹ گورنرکشمیریوں کو دھمکیاں دیتے ہیں۔علاوہ ازیں مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب میں لوگوں کو شہید نوجوان فیاض احمد شیخ کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی سے روکنے کیلئے انکی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوںنے فیاض احمد کو دیگر دو نوجوانوں کے ہمراہ گزشتہ روز سوپور قصبے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ فوجیوں نے دیور، ٹکی پورہ ، ڈورو، والپول ، کندس، لاپور، سوگام ، ویور ااور لولاب کے دیگر علاقوں کو سیل کر کے لوگوں کی نقل و حرکت روک دی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔