اسلام آباد(سب نیوز)سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی زاھد اقبال چوھدری نے تاجر رہنما قاضی محمد اکبر کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔وہاڑی سے جمعہ کو جاری تعزیتی بیان میں انہوں نے قاضی محمد اکبر کی ناگہانی وفات پر انکے بھائی ڈاکٹر قاضی محمد اشرف ، صدر چکوال چیمبر عامر نجیب بھٹہ ، سابق صدور خواجہ عارف یوسف چوھدری شہزاد سعادت ، خرم کامران اور حاجی نذیر سلطان، مرحوم کے دیگر اہل خانہ اور احباب سے اظہار افسوس کرتے ھوئے کہا کہ مرحوم ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ناصرف چکوال کی تاجر برادری بلکہ پاکستان بھر کے کاروباری و تجارتی حلقوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں اھم کردار کیا –
چکوال کو معاشی ، کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کے حوالہ سے ترقی یافتہ اضلاع کے مقابلے میں کھڑا کرنا مرحوم کی اولین ترجیح رہا۔ زاہد چودھری نے اس عزم کا اعادہ کیا یونائیٹڈ بزنس گروپ انکے ویژن کے مطابق چکوال چیمبر آف کامرس کے شانہ بشانہ چلتے ھوئے انکے خوابوں کی تکمیل میں بھرپور کردار ادا کرتا رھے گا – زاھد اقبال چوھدری نے قاضی محمد اکبر مرحوم کی معاشرے کے پِسے ھوئے اور محروم طبقات کے لیے فلاحی و سماجی سرگرمیاں کی تحسین کی اور کہا کہ قاضی محمد اکبر کی خدمات ضلع چکوال کی تاریخ کا ایک قابلِ فخر باب ھے – زاھد اقبال چوھدری نے کہا قاضی محمد اکبر مرحوم نے چکوال چیمبر کی بنیاد رکھی اور نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔

