Wednesday, April 22, 2026
ہومپاکستانامریکا کے ساتھ تعلقات استوار کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم شہباز شریف

امریکا کے ساتھ تعلقات استوار کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم شہباز شریف

لاہور (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کہ چین کے ساتھ سی پیک 2 کے لیے رابطے میں ہیں، امریکا کے ساتھ تعلقات کو استوار کر رہے ہیں۔
لاہور ریلوے اسٹیشن پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں نے رکوائی ہے، پاکستان کی اس سے بڑی ڈپلومیٹک کامیابی اور کیا ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک-بھارت 4 روزہ جنگ انتہائی خطرناک تھی، تاہم پاکستان نے یہ جنگ جیتی، جس کی پوری دنیا معترف ہے، قوم کی دعائیں ہمارے ساتھ تھیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاک فوج نے بہادری اور مہارت کے ساتھ ہندوستان کا مقابلہ کیا، ہماری فضائی افواج نے بھی شاندار انداز میں اپنی جرات دکھائی۔وزیراعظم نے کہا کہ جنگ کے ایک ایک لمحے کا گواہ ہوں، بطور وزیراعظم افواج پاکستان کے ساتھ مشورہ اور فیلڈ مارشل کے ساتھ رابطے میں تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ پاکستان ہندوستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا لیکن اس جنگ کے بعد یہ سوچ ختم ہوگئی ہے۔
تقریب کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور ریلو ے اسٹیشن آمد پر خوشگوار حیرت ہوئی، یہاں آنے والے مسافروں کے لیے سہولیات بہتر بنائی گئی ہیں، ٹکٹ کا پرانا نظام ختم، ریلوے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بزنس ایکسپریس کو یورپی طرز پر بہتر بنایا گیا ہے، جس پر ریلوے کے اعلی حکام داد کے مستحق ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت میں خواجہ سعد رفیق نے بھی زبردست انداز میں ادارے کے نظام کو بہتر بنایا، انہوں نے قبضہ گروپس سے ریلوے کی زمینیں واگزار کروائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو تباہ کر دیا گیا تھا، وزیرِ ریلوے کو کہا تھا کہ چیزوں کو آٹ سورس کریں، ریلوے کا یہ کام نہیں کہ وہ زمینوں کے معاملات دیکھے۔شہباز شریف نے مزید کہا ریلوے کا بنیادی کام عام مسافر کو سہولیات فراہم کرنا، ٹریک کو بہتر بنانا اور ٹکٹس کے حصولی میں لوگوں کو مشکلات کو دور کرنا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم ورک کے نتیجے میں ہمیں معاشی میدان میں کامیابیاں مل رہی ہیں، مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہو رہی ہے، میکرو لیول کے اعشاریوں میں حوصلہ افزا کامیابی ملی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔