Friday, May 1, 2026
ہومپاکستانججز تبادلہ و سنیارٹی کیس فیصلے کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل دائر

ججز تبادلہ و سنیارٹی کیس فیصلے کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی انٹرا کورٹ اپیل دائر

اسلام آباد (سب نیوز)ججز تبادلہ اور سینیارٹی کیس کے فیصلے کے خلاف بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی۔ اپیل میں سپریم کورٹ کے تین دو کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ججز کی منتقلی عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ججز تبادلہ اور سینیارٹی کیس میں تین دو کے فیصلے کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔ بانی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل میں سپریم کورٹ کے 3/2 کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ججز کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں منتقلی عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے اور اس کا مقصد آزاد ججز کو پیچھے دھکیلنا ہے۔ اپیل میں کہا گیا کہ ہائی کورٹ کے بعض ججز نے مداخلت کے خلاف خط لکھا، مگر ان خطوط پر کارروائی کے بجائے ان کی سینیارٹی متاثر کی گئی۔
درخواست میں یہ بھی موقف اپنایا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت ججز کی منتقلی صرف عارضی ہو سکتی ہے، جبکہ مستقل تبادلہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ صدر کے پاس ججز کی منتقلی یا سینیارٹی کا تعین کرنے کا اختیار نہیں، اور اس عمل میں آئین کے آرٹیکل 175-A کی بھی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
اپیل میں عدلیہ کی آزادی، ججز کی سینیارٹی اور عدالتی خودمختاری کے تحفظ کی استدعا کرتے ہوئے مقف اپنا گیا کہ ایگزیکٹو نے اپنی مرضی کے ججز سے عدالتیں بھریں جو کہ آئینی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔