اسلام آباد(آئی پی ایس) مالی سال 26-2025 کے پہلے روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار ہے، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 2500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 28 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا، وزیراعظم نے مارکیٹ کی شاندار کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق منگل کو مالی سال کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 11 بجکر 55 منٹ پر بینچ مارک ہنڈرڈ انڈیکس 2522 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 28 ہزار 149 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹاک ایکسچینج کے بلند ترین سطح عبور کرنے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیامالی سال اچھی خبر اور معاشی میدان میں ایک اہم پیشرفت سے شروع ہوا، 100انڈیکس کابلند ترین سطح پرپہنچنا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معیشت اور حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط و مستحکم ہو رہا ہے، پچھلے مالی سال معاشی پالیسیوں کی وجہ سےمعیشت نے بہترین ریکوری دکھائی، نیامالی سال ملکی معیشت کی بہتری کی جانب سفرمیں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔