Friday, May 8, 2026
ہوماسلام آبادمجوزہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل مسترد

مجوزہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل مسترد

اسلام آباد ،پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے)نے مجوزہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل کو صحافیوں کے حقوق اور میڈیا کی آزادی کے خلاف قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔پی آر اے نے مجوزہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ ایسے کسی بھی قانون کی سخت مخالفت کی جائے گی جس سے میڈیا پر پابندیاں لگیں۔پی آر اے کی ایگزیکٹو باڈی نے صحافیوں کے تحفظ کے لئے قومی اسمبلی میں پیش کردہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل کی جلد منظوری کے حوالے سے تمام پارلیمانی جماعتوں سے رابطوں اور ملاقاتوں کا فیصلہ کیا ہے تا کہ اس بل کو جلد از جلد منظور کروایا جا سکے۔پی آر اے کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس صدر پی آر اے جناب صدیق ساجد کی زیر صدارت ہوا جس میں سیکرٹری پی آر اے جناب آصف بشیر چوہدری نے ایجنڈے کے مطابق اجلاس کی کاروائی چلائی۔ سیکریٹری پی آر اے نے جرنلسٹ پروٹیکشن بل اور پی آر اے کی جانب سے قائمہ کمیٹی کو دی جانے والی تجاویز پر ایگزیکٹو باڈی کو تفصیلی بریفنگ دی۔سیکرٹری پی آر اے جناب آصف بشیر چوہدری نے بتایا کہ پی آر اے نے بل کی ہر شق پر اپنا موقف قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے انسانی حقوق میں تحریری طور پر بھی جمع کروا دیا ہے قائمہ کمیٹی کے تمام ارکان نے پی آر اے کی تجاویز کو سراہا ہے۔ایگزیکٹو باڈی کو بتایا گیا کہ بل کے تحت بننے والے میڈیا کمیشن میں پی آر اے کو بھی نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔صدر پی آر اے صدیق ساجد نے کہا کہ باڈی کے اراکین اگر کوئی آرا دینا چاہیں تو انھیں بھی قائمہ کمیٹی کو بھجوایا جا سکتا ہے۔صدیق ساجد نے کہا کہ جرنلسٹ پروٹیکشن بل دس سال سے زیر التوا ہے اور کیونکہ یہ صحافیوں کی حفاظت کے لیے بہت اہم بل ہے اور اس کو مزید التوا کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔اراکین کی مشاورت کے بعد بل کی جلد منظوری کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں صدر پی آر اے صدیق ساجد ،سیکرٹری پی آر اے آصف بشیر چوہدری ،ایگزیکٹو باڈی ہے ممبران میاں منیر اور عاصم یاسین اور رکن پی آر اے طارق عزیز شامل ہوں گے۔کمیٹی کو اختیار دیا گیا کہ وہ پی آر اے کے کسی بھی رکن کو اس کمیٹی میں شامل کرسکے گی یہ کمیٹی حکومت اور اپوزیشن کی جماعتوں پارلیمانی لیڈرز اور مرکزی رہنماں سے ملاقاتیں کر کے بل کی منظوری کے لیے راہ ہموار کرے گی۔ پی آر اے ایگزیکٹو باڈی نے اتفاق رائے سے 9 رکنی واک آٹ کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی ،سینئر صحافی محترمہ نیئر علی کو متفقہ طور پر واک آوٹ کمیٹی کی چیئرپرسن جبکہ سینئر صحافی جناب عاطف بٹ کو سیکرٹری واک آوٹ کمیٹی مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ،واک آوٹ کمیٹی کے دیگر اراکین کے لیے عثمان خان، طارق عزیز، عمران مختار، نوید بٹ، ثاقب ورک، ساجد فاروق اور وقار سید کے ناموں پر اتفاق کیا گیا۔ پی آر اے کے آئین پر نظر ثانی کے لئے سینئر صحافی رانا غلام قادر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ پی آر اے کی ووٹرز فہرست پر نظر ثانی کے لئے سینئر صحافی اعجاز احمد کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس میں نائب صدر احمد نواز ،جوائنٹ سیکرٹری میاں منیر ،اراکین گورننگ باڈی عاصم یاسین ،محترمہ عائشہ ناز، ،صبا باجیر،حافظ ماجد اور اورنگزیب کاکڑ نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔