Monday, July 14, 2025
ہومتازہ تریناسرائیلی حملوں میں 400سے زائد ایرانی شہید، 3 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے

اسرائیلی حملوں میں 400سے زائد ایرانی شہید، 3 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے

تہران (سب نیوز) ایران کی وزارت صحت نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کے مسلسل حملوں میں اب تک 400 سے زائد ایرانی شہری شہید اور 3056 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔وزارت صحت کے تعلقات عامہ کے سربراہ حسین کرمانپور نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ 9 دنوں کے دوران ہونے والے حملوں میں شہید ہونے والے افراد میں 54 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زیادہ تر شہید اور زخمی ہونے والے عام شہری ہیں۔کرمانپور کے مطابق زخمیوں میں سے 2220 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، جب کہ 232 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس عرصے میں ہمارے ملک بھر میں موجود طبی عملے نے زخمیوں کی 457 سرجریز کیں۔اسرائیلی حملوں کے باعث ایران میں انٹرنیٹ اور فون سروس معطل کر دی گئی تھی، تاہم اب شہریوں کو بتدریج انٹرنیٹ رسائی دوبارہ ملنا شروع ہو گئی ہے، جس کے باعث لوگ کئی دنوں بعد اپنے پیاروں سے رابطہ کر پا رہے ہیں۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی نے حکومتی وزیر اطلاعات کے حوالے سے بتایا کہ ملک بھر میں رات 8 بجے تک بین الاقوامی انٹرنیٹ کی مکمل بحالی متوقع ہے۔ایرانی نژاد تارکین وطن نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ وہ کئی دن بعد پہلی بار فیس ٹائم یا واٹس ایپ کے ذریعے اپنے رشتہ داروں سے رابطہ کر پائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔