پاک بحریہ نے اپنی جنگی تیاریوں اور سمندر میں ہدف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کی لائیو فائرنگ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ پاک بحریہ کے جہاز سے فائر کئے گئے برق رفتار میزائل نے طویل فاصلے پر موجود ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سمیت منصوبہ سے منسلک سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔
یہ میزائل جدید ترین گائیڈنس سسٹم اور دیگر خصوصیات کا حامل ہے، جو اسے دشمن کے دفاعی نظام سے بچنے اور انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کے قابل بناتے ہیں ۔ مقامی طور پر تیار کردہ اس میزائل کا کامیاب تجربہ پاک بحریہ کی تکنیکی برتری اور عملی مہارت کا عکاس ہے۔ یہ تجربہ خطے میں بحری سلامتی، استحکام اور روائیتی ہتھیاروں کی ڈومین میں ناقابلِ تسخیر دفاع کو یقینی بنانے کے پاک بحریہ کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔
صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے اس اہم سنگِ میل کی کامیابی پر حصہ لینے والے یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔
