اسلام آباد(آئی پی ایس )چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن، ممبر اسٹیٹ، ممبر انجینرنگ، ممبر فنانس، ڈائریکٹر جنرل ریکوری، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ سمیت چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔ ممبر فنانس نے اجلاس کو سی ڈی اے کی فنانشل پوزیشن کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے کی فنانشل پوزیشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ریکوری کو ہدایت کی کہ سی ڈی اے کے بقایاجات کی وصولی کیلئے سی ڈی اے کے تمام متعلقہ شعبوں کے ساتھ مل کر سی ڈی اے کے بقایا جات کی بروقت وصولی کیلئے نہ صرف ایک جامع پلان آف ایکشن ترتیب دیں بلکہ اس پر قانون کے مطابق عملدرآمد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا جن لوگوں کے ذمہ سی ڈی اے کے مختلف شعبوں کے واجبات بقایا ہیں ان کو فوری طور پر اپنے بقایاجات سی ڈی اے کو جمع کروانے کے لیے کہا جائے بصورت دیگر سی ڈی اے کے نادہندگان کی پراپرٹیز پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ انکی پراپرٹیز کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کردی جائیں۔اجلاس کو سیکٹر ای بارہ کے ترقیاتی کاموں میں اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سیکٹر ای بارہ کے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کی جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر ای بارہ اور سیکٹر سی پندرہ میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکٹر ای بارہ اور سی پندرہ کی اراضی سے ناجائز تجاوزات کو جلد از جلد واگزار کروایا جائے۔ اسی طرح چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر سی سولہ کے حواے سے بھی تمام اراضی کو کلیئر کرنے کے لئے زمین کے ایوارڈ کے عمل کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ ان سیکٹرز میں غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ تمام ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کو ممکن بنا کر الاٹیز کو ان کے پلاٹوں کا قبضہ دیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کیپیٹل فوڈ اسٹریٹ اور بلیو ایریا فوڈ اسٹریٹ پر تعمیراتی کاموں کے جلد از جلد آغاز اور ان کو فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے دونوں فوڈ اسٹریٹس کو اعلی معیار کے حوالے سے اور پبلک کی تمام تفریحی اور دیگر سہولیات مدنظر رکھتے ہوئے جلد فعال بنانے کی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ الیون سمیت تمام قبرستانوں کی دیکھ بھال بشمول سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ہارٹیکچر کی بہتری سمیت مستقل بنیادوں پر جدید لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔ تمام قبرستانوں کے اطراف بانڈری وال کی تعمیر ومرمت اور پینٹ کے کام کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے تمام قبرستانوں کی مناسب صفائی اور درختوں کی دیکھ بھال کیلئے مستقل بنیادوں پر انوائرمنٹ کے عملے کی تعیناتی کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تدفین کیلئے بسوں کی فراہمی سمیت شہریوں تدفین سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لیے شہریوں کیلئے 24/7 ہیلپ لائن بنائی جائے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے قبرستانوں کی سیکورٹی اور دیکھ بھال کو ہر حال میں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کی بڑھتی ھوئی ابادی کے پیش نظر ماسٹر پلان کے مطابق نئے قبرستان کیلئے موزوں ترین جگہ کا انتخاب کیا جائے۔