Saturday, May 16, 2026
ہومپاکستانشہید راشد منہاس کا 50واں یوم شہادت ، ڈی جی آئی ایس پی آر کا خراج تحسین

شہید راشد منہاس کا 50واں یوم شہادت ، ڈی جی آئی ایس پی آر کا خراج تحسین

کراچی،پاک فضائیہ کے ہیرو پائلٹ آفیسر راشد منہاس کا 50 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید 17 فروری 1951 کو پیدا ہوئے۔ ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے جذبے سے سرشارراشد منہاس نے 14 مارچ 1971 کو پاک فضائیہ کے 51 ویں جی ڈی پی کورس میں کمیشن حاصل کیا۔ بعدازاں انہیں آپریشنل کنورژن کورس کیلئے ماڑی پور (مسرور)میں واقع نمبر 2 اسکواڈرن میں تعینات کیا گیا جہاں رب کائنات نے ان کے مقدر میں لازوال رفعتیں لکھ رکھی تھیں۔20 اگست 1971 کے دن راشد منہاس کی قربانی سے ایک ناقابل فراموش داستان رقم ہوئی۔ اس دن راشد نے اپنے انسٹرکٹر پائلٹ فلائیٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جس نے انکے T-33 تربیتی طیارے کو ہائی جیک کر کے بھارت لے جانے کی کوشش کی۔ راشد نے جہاز کا کنٹرول واپس لینے کی بھرپور جدوجہد کی اور قبل ازیں کہ جہاز ملکی سرحد عبور کر جاتا اسے زمین بوس کرنے کو ترجیح دی۔مٹی کے اس بہادر سپوت نے اپنی جان مادر وطن پر قربان کر دی لیکن ملکی وقار پر آنچ تک نہیں آنے دی۔ راشد منہاس کی اس عظیم قربانی اور ناقابل فراموش شجاعت کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر عطا کیا۔ راشد منہاس شہید ہماری آنے والی نوجوان نسل کیلیے مشعل راہ ہیں اور انکو شجاعت و قربانی کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے راشد منہاس شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پیغام جاری کردیا۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ راشد منہاس شہید نشان حیدر نے عظیم قربانی دی، انہوں نے فرض کی ادائیگی میں مادر وطن کے دفاع کو ترجیح دی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ قومی ہیرو راشد منہاس نے پاک فضائیہ کی روایت کو برقرار رکھا۔ نشان حیدر شہید راشد منہاس کی بہادری اور عظیم قربانی آج بھی یاد ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے قومی ہیرو کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ راشد منہاس نے وطن پر جان نچھاور کر کے وفا شعاری کی تاریخ رقم کی ہے،قوم ملک کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے یوم شہادت پر قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ راشد منہاس شہید نے جواں عمری میں ہی وطن عزیز پر جان نچھاور کر کے اپنے لہو سے عزم و ہمت اور وفا شعاری کی روشن تاریخ رقم کی ہے۔وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مزید کہا ہے کہ قوم ملک کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی قومی ہیرو کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ راشد منہاس نے بہادری اور وطن سے محبت کی لازوال داستان بنا ڈالی۔ ہمیں تمام شہدا پر فخر ہے جن کی لازوال قربانیوں سے پاکستان قائم ہے۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ راشد منہاس شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں ،راشد منہاس شہید نے اپنے لہوسے ناقابل یقین داستان رقم کی ،راشد منہاس دھرتی کی خاطر جان قربان کر کے تاریخ میں امر ہوگئے۔پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزازنشانِ حیدر پانے والے راشد منہاس نے پاکستانی جنگی جہاز بھارت لے جانے کا ناپاک منصوبہ ناکام بنادیا تھا اس بے مثال بہادری پر انہیں فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔