اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے ممبر انوائرمنٹ، ممبر ایڈمن، ممبر انجینئیرنگ ، ممبر فنانس اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ پارک روڈ پر واقع سی ڈی اے نرسری کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سی ڈی اے نرسری کی اپ گریڈیشن، بحالی اور اسے ‘گارڈینیا حب’ میں تبدیل کرنے کے منصوبے کے تحت ہونے والی تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے نرسری کی اپ گریڈیشن کا بنیادی مقصد اسلام آباد کو ہارٹیکلچر کے شعبے میں ایک اہم مرکز کے طور پر متعارف کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور خوبصورت فلاور شاپس کی تعمیر کے کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے، جس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ شہریوں کیلئے ایک پرکشش تفریحی مقام بھی بنے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ نرسری میں منفرد اور جدید طرز کے کنٹرولڈ وینٹیلیٹڈ گرین ہاسز تعمیر کیے جائیں، جو نہ صرف پودوں کی نشوونما کیلئے مثالی ماحول فراہم کریں گے بلکہ تحقیق و ترقی کیلئے بھی معاون ثابت ہوں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس موقع پر ٹشو کلچر لیبارٹری قائم کرنے کی ہدایت بھی کی، جہاں پودوں کی نئی اقسام کو پروپیگیشن کے جدید طریقوں سے تیار کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ نرسری میں رنگ برنگے پھولوں کی نمائش کیلئے خصوصی جگہ مختص کی جائے، جہاں موسمی اور غیر موسمی پھولوں کی خوبصورت اقسام کو عوام کیلئے پیش کیا جاسکے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ اس منصوبے کا جامع ڈیزائن سی ڈی اے کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اسلام آباد میں گرین ایریاز کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی پائیداری کے کلچر کو فروغ دے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ نرسری کو ‘گارڈینیا حب’ کے طور پر تشکیل دینا اسلام آباد کو مزید خوبصورت اور سرسبز و شاداب دارالحکومت بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے سی ڈی اے کی ماڈل نرسری کو عالمی معیارات کے مطابق ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل نرسری میں تبدیل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ ہارٹیکلچر کے شعبے میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی تکمیل کیلئے ایک جامع ٹائم فریم تیار کریں اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی سے اسلام آباد نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں ہارٹیکلچر کے شعبے میں مزید بہتری آئے گی ۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ نرسری کی ترقیاتی کاموں میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے اور بین الاقوامی معیارات کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا جائے۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ منصوبہ شہریوں کو صاف ستھرا اور سرسبز ماحول فراہم کرنے کی سی ڈی اے کی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کو ایک جدید، خوبصورت اور ماحول دوست مثالی شہر بنانے کیلئے اپنی تمام تر کاوشیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ‘گارڈینیا حب’ منصوبہ اسلام آباد شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا پارک روڈ پر واقع سی ڈی اے نرسری کا اچانک دورہ،اپ گریڈیشن کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔