اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ یہ لوگ بانی چیئرمین عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں جو توہین آمیز کوشش ہے۔
اسلام آباد میں اور صوبائی مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ میں گزشتہ روز اسلام آباد پہنچا اور آنے سے پہلے پشاور ہائیکورٹ سے راہداری ضمانت کروائی، سب کی خواہش تھی اسلام آباد میں آئوں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ورکرز کا ٹرائل ہو رہا ہے، گرمی میں جگہ کم اور رویہ تلخ ہے، ہمارے ورکرز مشکل میں ہیں۔ صنم جاوید کی ضمانت نہیں ہو رہی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری نہیں کی جا رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے خطوظ لکھے۔ آئینی عہدہ ہے، فوری تقرری عمل میں لائی جائے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہیں بھارت نے 7 اور 8 مئی کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا پی ٹی آئی نے 9 مئی کو پہنچایا، یہ سوچ ملک دشمنی پر مبنی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بھارت کے خلاف بڑی فتح کے بعد حکومت معاشی فائدہ نہ اٹھا سکی، اتنی بڑی جنگی فتح کے بعد ڈالر اوپر چلا گیا اور روپیہ نیچے آگیا۔ چار ارب ڈالر ترسیلات زر کا شور مچایا گیا، ہم یہ سننا چاہتے ہیں کہ ملکی معیشت بہتر ہو لیکن جیسے مودی کی پاکستان کے سامنے ہوا نکل گئی، ان کی بھی اعدادوشمار کے سامنے ہوا نکل گئی۔
شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ 3.2 ارب ڈالر کے اعدادوشمار سامنے آئے اور 80 کروڑ ڈالر کم ہوگئے، حکومت نے پورا زور لگا لیا لیکن تین سال میں شرح نمو 2.6 سے اوپر نہیں پہنچ سکی۔ البیک کی برانچ کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاری بالکل نہیں ہوئی، اسٹاک مارکیٹ کے چرچے کیے جا رہے تھے لیکن بین الاقوامی کمپنیاں اپنے شیئر بیچ کر جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے لیکن ملکی بڑی فصلوں میں 13 فیصد گراوٹ آئی ہے۔ کسان دشمن پالیسی کے باعث پنجاب میں کسان مقروض ہوگئے اور خوراک کی پیداوار غیر محفوظ ہوگئی۔ پنجاب کا کسان بیج، کھاد اور ادویات کے قرضوں تلے دب گیا۔ گنے کی ملز کا کسانوں سے برتاو قابل ستائش نہیں ہے۔
مرکزی سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا لیکن سب کو معلوم ہے نوجوان کس کے ساتھ کھڑے ہیں، یوتھ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، ہم نے ڈیجیٹل سرگرمیوں کی تفصیلات میڈیا کو دے دیں۔پریس کانفرنس سے خطاب میں صوبائی مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ فارم 47 کا ڈیٹا دیا گیا تو اس پر کوئی ٹاک شو ہوا اور نہ حکومت نے پریس کانفرنس کی۔
انہوں نے حکومت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ 2021 میں پاکستان میں 5.7 فیصد گروتھ تھی، جب پی ٹی آئی کی حکومت گئی تب گروتھ ریٹ 6.7 فیصد تھی جو 2023 میں منفی ایک سے منفی تین فیصد رہ گئی اور اب 2.68 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اگر شرح نمو آبادی کی نسبت کم ہوگی تو یہ معاشی چیلنج ہے۔صوبائی مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت دعوی کر رہی ہے کہ گندم اس سال 29 ملین ٹن ہوگئی جو غلط اعدادوشمار دیا گیا۔ گندم کی پیداوار کم ہونے سے 3 ارب ڈالر کا سالانہ نقصان ہوگا، 10 ملیں ٹن سے گر کر سالانہ 8.2 فیصد پیداوار رہ گئی۔
عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانا توہین آمیز کوشش ہے، شیخ وقاص اکرم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔