اسلام آباد (سب نیوز)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے شرح سود میں 1فیصد کمی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ بزنس کمیونٹی کو شرح سود میں 500بیسس پوائنٹس کمی کئے جانے کی امید تھی ،کنزیومر پرائس انڈیکس کے مقابلے میں پالیسی ریٹ میں معمولی کمی ناکافی ہے ۔
پیر کو اپنے ایک بیان میں مانیٹری پالیسی کمیٹی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں مہنگائی کی شرح 0.30فیصد رہی، مہنگائی کی شرح کے تناسب سے پالیسی ریٹ کا 11فیصد پر ہونے کا کوئی جواز نہیں،وزیراعظم اور ایس آئی ایف سی کے ویژن کے مطابق شرح سود کو معقول بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مئی اور جون 2025 میں افراط زر کی شرح صفر سے تین فیصد تک رہنے کی توقع ہے، تیل کی عالمی قیمتیں آنیوالے مہینوں میں 60ڈالر فی بیرل کے لگ بھگ رہنے کی توقع ہے، شرح سود میں مزید 4فیصد کمی کرتے ہوئے پالیسی ریٹ کو 7فیصد پر لایا جائے ۔