ہومکھیلمستقبل میں قوم کو مایوس نہیں کروں گا، ارشد ندیم

مستقبل میں قوم کو مایوس نہیں کروں گا، ارشد ندیم

لاہور،جاپان میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے۔لاہور ائیر پورٹ پہنچنے پر وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی، صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن اکرم ساہی اور دیگر نے اولپمین ارشد ندیم کا شاندار استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستہ پیش کیا۔عوام کی بڑی تعداد بھی ائیرپورٹ کے باہر قومی ہیرو کا استقبال کرنے کے لیے موجود تھی اور جیسے ہی ارشد ندیم ائیرپورٹ سے باہر آئے تو عوام کی جانب سے پاکستان زندہ باد، ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ میرے لیے دعا کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، لوگوں کی دعاوں کی وجہ سے ہی دنیا میں شہرت ملی۔ارشد ندیم نے کہا کہ میں نے بہت محنت کی اور پانچویں نمبر پر آیا، سپورٹ کرنے پر پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پنجاب اسپورٹس بورڈ کا شکر گزار ہوں، میری جو سرپرستی کی گئی اس سے مطمئن ہوں۔قومی ایتھلیٹ کا کہنا تھا جو خامیاں رہیں ان پر قابو پاکر آئندہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کروں گا، اپنی کارکردگی سےآئندہ مداحوں کو مایوس نہیں کروں گا۔وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا، ارشد ندیم نے عالمی سطح پر پاکستان کو پہچان دی۔پنجاب حکومت نے ارشد ندیم کیلئے10لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔