ہومپاکستانای پی اے ٹیم کا اچانک چھاپہ ،ملٹی پروفیشنل کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کاسنگین ماحولیاتی خلاف ورزیوں کا انکشاف

ای پی اے ٹیم کا اچانک چھاپہ ،ملٹی پروفیشنل کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کاسنگین ماحولیاتی خلاف ورزیوں کا انکشاف

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) اسلام آباد کے سیکٹر بی 17 میں واقع ملٹی پروفیشنل کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کے نالے پر قبضے،سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کا سسٹم بھی نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے،ملٹی پروفیشنل سوسائٹی کی طرف سے ان سنگین ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر کیس پہلے ہی انوائرمنٹل ٹریبونل کو بھجوایا جا چکا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحولیات(ای پی اے) فرزانہ الطاف شاہ کا ڈپٹی ڈائریکٹر خالد محمود اور ای پی اے کے حکام کے ہمراہ بی 17 میں ملٹی پروفیشنل کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کا اچانک دورہ، دورے میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ ہاوسنگ سوسائٹی کی طرف سے نہ تو سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کیا گیا ہے اور نہ ہی وہاں پر کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کا سسٹم موجود ہے۔ ادارہ تحفظ ماحولیات کی طرف سے 2007 میں مزکورہ ہاوسنگ سوسائٹی کو سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے اور کی شرط سمیت مشروط ماحولیاتی منظوری دی گئی تھی تاہم یہ بات سامنے آئی کہ ملٹی پروفیشنل کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی کی طرف سے سیوریج کا پانی قریبی نالے میں ڈالا جا رہا ہے جبکہ نالے کے کچھ حصوں پر بھی قبضہ کیا گیا ہے، مذکورہ ہاوسنگ سوسائٹی کی طرف سے شجرکاری کے حوالے سے بھی کام نہیں کیا گیا۔ ڈی جی ای پی اے فرزانہ الطاف کے مطابق ملٹی پروفیشنل سوسائٹی کی طرف سے ان سنگین ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر کیس پہلے ہی انوائرمنٹل ٹریبونل کو بھجوایا جا چکا ہے، علاوہ ازیں یہ معاملہ ہاوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ اور کنٹریکٹرز کے ساتھ بھی اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بات سامنے آ رہی ہے کہ متعدد ہاوسنگ سوسائٹیز کی طرف سے سیوریج کا پانی نالوں میں ڈالا جا رہا ہے جبکہ کوڑا کرکٹ کو بھی مناسب جگہ پر ڈمپ نہیں کیا جاتا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔