ڈاکار،افریقی ملک سینیگال میں بھیس بدل کر اپنی گرل فرینڈ کی جگہ امتحان دینے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق سینیگال کے علاقے دیوربیل میں خادم امبوپ نامی 22 سالہ نوجوان اپنی 19 سالہ گرل فرینڈ گانگوئے دیوم کا روپ دھار کر اس کی جگہ گریجویشن کا امتحان دے رہا تھا۔لمبے بالوں والی وِگ لگانے کے علاوہ خادم امبوپ نے لڑکیوں کا لباس بھی پہن رکھا تھا جبکہ بالوں اور میک اپ کے ساتھ ساتھ اس نے روایتی اسکارف بھی پہن لیا تاکہ کوئی اسے پہچان نہ سکے۔خادم امبوپ بھیس بدل کر 2 پرچے دینے میں تو کامیاب ہو گیا تھا تاہم تیسرے پرچے میں سپروائزر کو اس پر شک ہوا۔ تلاشی لینے پر ذرا سی دیر میں انتظامیہ پر انکشاف ہوا کہ یہ لڑکا ہے جو لڑکی کا بھیس بدل کر امتحان دے رہا ہے۔انکشاف ہونے پر امتحانی مرکز کی انتظامیہ نے پولیس کو بلوا لیا اور اگلے چند منٹوں میں امبوپ نے پولیس کے سامنے سچائی اگل دی۔ خادم امبوپ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ کی جگہ امتحان دے رہا تھا جو قریبی ریسٹورینٹ میں اس کا انتظار کر رہی ہے۔پولیس نے فوری طور پر لڑکی کو بھی گرفتار کر لیا اور دونوں پر جعلسازی کا مقدمہ درج کر لیا۔خادم امبوپ نے پولیس کو کہا کہ اس نے کوئی جرم نہیں کیا بلکہ وہ اپنی گرل فرینڈ کی مدد کررہا تھا کیونکہ وہ اپنی انگریزی بے حد کمزور ہونے کی وجہ سے گریجویشن کے امتحان میں شدید مشکلات کا شکار تھی۔پولیس نے دونوں پر دھوکا دہی اور جعلسازی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا جس میں دونوں کو سزا یقینی ہے۔ممکنہ طور پر اس جوڑے کو سینیگال میں قومی سطح کے کسی بھی سرکاری امتحان کیلیے 5 سال تک نااہل قرار دیا جاسکتا ہے جبکہ بھاری جرمانہ بھی متوقع ہے۔اگر جج زیادہ سخت مزاج ہوا تو خادم امبوپ اور اس کی گرل فرینڈ کو ایک سال سے پانچ سال تک جیل کی ہوا بھی کھانی پڑتی ہے۔
گرل فرینڈ کی جگہ امتحان دینے والانوجوان گرفتار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
