Tuesday, February 18, 2025
ہومپاکستانسپریم کورٹ میں 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستوں پر سماعت کل ہوگی،سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات

سپریم کورٹ میں 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستوں پر سماعت کل ہوگی،سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات

اسلام آباد (سب نیوز)سپریم کورٹ میں 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستوں پرسماعت کل ہوگی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 8 رکنی آئینی بینچ درخواستوں کی سماعت کریگا جبکہ سماعت کیلئے خصوصی انتظامات کے گئے ہیں۔
26ویں آئینی ترمیم کیخلاف 20 سے زائد درخواستوں پر جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سماعت کرنے والے بینچ میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عائشہ ملک بھی شامل ہیں۔جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی ، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن بھی بینچ کا حصہ ہیں۔
آئینی بنچ کمرہ عدالت نمبر دو میں بیٹھے گا جہاں داخلے کی اجازت صرف متعلقہ فریقین اور خصوصی انٹری پاس رکھنے والے صحافیوں کو ہوگی اور موبائل فون ساتھ لے جانے پر پابندی ہے۔سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق فریقین کی سہولت اور عدالتی امور کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔