Thursday, January 9, 2025
ہومپاکستانپی ٹی آئی کا اداروں کی غیر موجودگی میں عمران خان سے ملاقات کا مطالبہ

پی ٹی آئی کا اداروں کی غیر موجودگی میں عمران خان سے ملاقات کا مطالبہ

اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم نے مذاکرات کے دوسرے دور میں دوٹوک کہا تھا پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کروائی جائے، ہم نے اداروں کی غیر موجودگی میں ملاقات کا مطالبہ کیا تھا۔

پارٹی کے سینئر رہنماوں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ آج تک ہمیں حکومت کی جانب سے کوئی معلومات نہیں ملی، 5 دسمبر کو بانی چیئرمین نے مذاکراتی کمیٹی بنائی، ہم اداروں کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کے دوسرے دور میں دوٹوک کہا تھا بانی چیئرمین سے ملاقات کروائی جائے، ہم نے اداروں کی غیر موجودگی میں ملاقات کا مطالبہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہر جگہ اداروں کی مداخلت موجود ہے، ہم چاہتے ہیں 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنائے جائے، بانی چیئرمین نے کہا جو اذیتیں میں نے برداشت کی میں نے سب کو معاف کیا، مذاکراتی کمیٹی کے دوسرے سیشن میں ملاقات کرانے پر اتفاق ہواتھا۔

عمر ایوب نے کہا کہ حکومت کی مذاکرات میں سنجیدگی ہماری بات ماننے سے ثابت ہوگی، بانی پی ٹی آئی سے آزادانہ ماحول میں ملاقات کا موقع فراہم کیاجائے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ نہ آنے پر ہمیں تشویش ہے، القادر ٹرسٹ کا فیصلہ فوری آنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی پر سیاسی بنیادوں پر کیسز بنائے گئے۔پی ٹی آئی رہائی کی بھیک نہیں مانگ رہی ہے، قانون اور آئین کو روند کر سزائیں سنائی جارہی ہیں، اس طرح کی حرکتوں سے ملک مین استحکام نہیں آئے گا، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو دیوار کے ساتھ لگایا ہوا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین پر 200 سے زائد کیسز بنائے گئے، ہماری جیت کو شکست میں تبدیل کیا گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت کے خلاف ہماری فہرست لمبی ہے، ہم نے 2 ہی مطالبات پر مذاکرات شروع کیے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا تھا تیسری ملاقات تب ہوگی جب بانی سے ملاقات ہوگی، اب تک ہمارے پاس کل کی میٹنگ سے متعلق کوئی اطلاع نہیں، مذاکرات کسی ڈیل کے لیے نہیں عوام کے لیے کررہے ہیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ کہا جارہا ہے کسی ڈیل کے تحت القادر ٹرسٹ کیس میں تاریخیں آگے ہوئیں جب کہ عمران خان کل بھی مطالبہ کرچکے ہیں کہ فیصلہ جلد سنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں گواہوں نے بتادیا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیسے لیے اور نہ حکومت کو نقصان پہنچا۔پریس کانفرنس میں سلمان اکرم راجا نے کہا ہم بانی پی ٹی آئی تمام اسیران کی رہائی چاہتے ہیں، یہ نہیں ہوگا کہ ٹھیک ہے یہاں گولیاں چلیں، لوگوں کو مارا گیا اب آگے بڑھو، سب کو خون کا حساب ہر صورت دینا ہوگا۔ان کا کہنا تھا جبر کے ماحول میں انصاف لے کر رہیں گے، ہم اس لیے مزاکراتی عمل کا حصہ بنے ہیں کہ ریاست کو فلاحی کی جانب لے کر چلیں، ہمیں دوسری جانب سے یہ خواہش نظر نہیں آرہی، ہم ووٹ کے حصول کے لیے لڑتے رہیں گے۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 26 نومبر کے کمیشن ، 8 فروری کی ڈکیتی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اگر آئندہ بھی 8 فروری والا معاملہ ہونا ہے تو یہ اس ملک کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تمام اسیران کی رہائی چاہتے ہیں، سب کو خون کا حساب ہر صورت دینا ہوگا، جبر کے ماحول میں انصاف لے کر رہیں گے۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہم ووٹ کے حصول کے لیے لڑتے رہیں گے، 26نومبر پرکمیشن ، 8 فروری کی ڈکیتی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، القادر ٹرسٹ کیس میں بانی چیئرمین اور بشری بی بی نے کوئی ذاتی فائدہ حاصل نہیں کیا، یہ چیزیں پوری دنیا کو نظر آرہی ہیں، ہمیں پاکستان میں فیئر ٹرائل کا حق نہیں مل رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔