اسلام آباد(آئی پی ایس )ترکیہ کے سفیر، عرفان نزیروغلو نے تعلیمی اتاشی ڈاکٹر محمت طیران کے ہمراہ نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کا دورہ کیا۔ یہ دورہ بامعنی گفتگو اور دلچسپ سرگرمیوں پر مشتمل تھا، جس کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا اور تعلیمی و ثقافتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔ترکیہ کے سفیر نے ریکٹر نمل میجر جنرل (ریٹائرڈ)شاہد محمود کیانی ہلال امتیاز(ملٹری) سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تحقیق اور تعلیم میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر بھی موجود تھے۔ ریکٹر نمل نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو سراہا اور دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی احترام پر زور دیا۔ انہوں نے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور ترک اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے نمل کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ریکٹر سے ملاقات کے بعد سفیر اور تعلیمی اتاشی نے رومی بلاک کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ ڈین اور شعبہ کے فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ اس دوران انہوں نے کلاس رومز، لائبریری، اساتذہ کے لانج اور شعبہ کے سربراہ کے دفتر کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول اور وسائل کا جائزہ لیا۔
طلبہ اور ترک شعبہ کے فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تعلیم، تجارت اور دفاع میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ ایسے تعاون سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ طلبہ سے مخاطب ہو کر سفیر نے انہیں ترک زبان میں مہارت حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ یہ زبان مواقع اور کامیابی کا دروازہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ طلبہ ترکی، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر فیکلٹی آف لینگویجز کے ڈین، ڈاکٹر جمیل اصغر جامی نے ترک سفیر کی میزبانی پر گہری خوشی اور اعزاز کا اظہار کیا۔ انہوں نے ترکی کے جغرافیائی اور ثقافتی پل کے طور پر اہم کردار کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان طویل دوستی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ترکیہ کی تعلیم، ٹیکنالوجی اور ثقافتی تحفظ میں ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔