اسلام آباد (آئی پی ایس )حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوگئے، حکومت اور اپوزیشن ارکان اسپیکر چیمبرمیں موجود ہیں تاہم فریقین کو مذاکرات میں پیشرفت متوقع ہے جبکہ پی ٹی آئی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرے گی۔حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے ہونے والے اجلاس شروع ہوگیا، اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کر رہے ہیں، اپوزیشن کی جانب سے مذاکرات میں عمر ایوب، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا اور سلمان اکرم راجہ بھی شریک ہیں۔
حکومتی کمیٹی کے رکن رانا ثنا اللہ، طارق فضل چوہدری، نوید قمر، سینیٹر عرفان صدیقی مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس میں پہنچ گئے جبکہ فاروق ستار، اعجاز الحق اور خالد مگسی بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پہچ چکے ہیں۔ان مذاکرات سے پہلے حکومت اور اپوزیشن کے رہنماں کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے رہنماں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مشاورت کی، ملاقات میں عمر ایوب، اسد قیصر، شیر افضل مروت شامل تھے۔ سردار ایازصادق کا کہنا تھا کہ دونوں طرف سے مثبت فیڈ بیک آرہا ہے، کوئی بہترحل نکلے گا، مذاکرات سے تلخیاں کم ہوں گی۔