Wednesday, May 13, 2026
ہومبریکنگ نیوزخواجہ آصف کی زبان آگ اگلتی ہے، اقتدار میں بیٹھے لوگ تحمل اور برداشت دکھاتے ہیں، شیر افضل مروت

خواجہ آصف کی زبان آگ اگلتی ہے، اقتدار میں بیٹھے لوگ تحمل اور برداشت دکھاتے ہیں، شیر افضل مروت

اسلام آباد (سب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے وزیر دفاع پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزرگ سیاست داں خواجہ آصف کی زبان آگ اگلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ ہمیشہ تحمل اور برداشت دکھاتے ہیں، خواجہ آصف ایک زیرک سیاستدان ہیں، ان کو چاہیے کہ ایک بار مذاکرات کو بھی موقع دیں۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے کہا کہ 2 جنوری کو ہم نے پھر حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرت کے لئے بیٹھنا ہے، تمام سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں کہ بس کریں، خدا کے لئے اب پاکستان کا سوچیں۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ مذاکرات ہماری مجبوری نہ ہی کمزوری ہیں، بات چیت سے قبل فریقین کو اپنی زبان قابو میں رکھنی چاہیے تاکہ گفتگو آگے بڑھ سکے۔واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا سیاستدان ہے جو امریکا کی منتیں کر رہا ہے کہ مجھے بچا، پہلے یہ شخص کہتا تھا کہ امریکی غلامی نامنظور، اب کہتا ہے مجھے غلامی فوری قبول ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میں حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کا مخالف نہیں ہوں، گذشتہ 10، 15 برس کی تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو صرف ن لیگ نے مذاکرات میں پہل کی۔ انہوں نے کہا کہ میں کہتا ہوں مذاکرات ضرور کریں لیکن خیال رکھیں کہیں رل نہ جائیں، مذاکرات کریں لیکن استعمال نہ ہوجائیں، میری دعا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کامیاب ہوں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔